دنیا
Time 19 فروری ، 2020

دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم افتتاح کیلئے ٹرمپ کا منتظر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 اور 25 فروری کو بھارت کے دو روزہ دورے پر آئیں گے— فوٹو: بی سی سی آئی 

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے آبائی حلقے گجرات کے شہر احمد آباد میں دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم تیار کرلیا گیا جو افتتاح کیلئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا منتظر ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر ساروو گنگولی کا بھی دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیدیم پر ردِعمل سامنے آگیا۔

احمد آباد میں سردار پٹیل اسٹیڈیم جسے موٹیرا بھی کہا جاتا ہے، اب دنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم بن گیا ہے، اس میں پہلے 54 ہزار افراد کی گنجائش تھی مگر اب اس میں دو گُنا اضافہ ہوگیا ہے اور اب یہ ایک لاکھ 10 ہزار شائقین کی میزبانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پہلے ہی اس اسٹیڈیم کی تصویروں کو دیکھ کر پرستار اور کھلاڑی بہت حیران تھے کہ اب بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر گنگولی نے بھی سرادر پٹیل اسٹیڈیم پر اپنے تاثرات کا اظہار کردیا ہے جس کا افتتاح امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کریں گے۔

گنگولی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ احمد آباد کے اس بڑے اور خوبصورت اسٹیڈیم کو دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ اس اسٹیڈیم میں بطور کھلاڑی اور کپتان میری بہت ساری یادیں وابستہ ہیں جو کہ اب ہزاروں افراد کی میزبانی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اب اس کو دیکھنے کے لیے مجھ سے مزید 24 تاریخ کا انتظار نہیں ہورہا ہے۔

بھارتی کرکٹ بورڈ نے منگل کو موٹیرا اسٹیڈیم، جو کہ دنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے، اُس کی تصویریں شیئر کیں۔

سردار پٹیل اسٹیڈیم یا مونٹیرا اسٹیڈیم 1982 میں پہلی بار تعمیر ہوا تھا جب گجرات کی حکومت نے اس اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے 50 ایکڑ زمین عطیہ کی تھی۔

1983 میں اس اسٹیڈیم نے باقاعدہ عالمی کرکٹ کی میزبانی شروع کی تھی۔

اب تک اس اسٹیڈیم میں ایک ٹی ٹوئنٹی، 12 ٹیسٹ اور 24 ون ڈے میچز منعقد ہوچکے ہیں جبکہ اس اسٹیڈیم میں آخری میچ بھارت اور سری لنکا کے درمیان نومبر 2014 میں کھیلا گیا تھا۔

اس کے علاوہ تعمیر کے لیے بند ہونے سے پہلے اس میں مختلف گیمز بھی کھیلے گئے ہیں۔

ستمبر 2015 میں نریندر مودی نے اس اسٹیڈیم کی تعمیر نو کے منصوبے کی منظوری دی تھی۔

خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 24 اور 25 فروری کو بھارت کے دو روزہ دورے پر آئیں گے اور وہ احمد آباد بھی جائیں گے جہاں وہ اس کرکٹ اسٹیڈیم کا افتتاح کریں گے۔

مزید خبریں :