22 فروری ، 2020
گوشت اور دودھ سے بنی اشیاء پروٹین سے مالامال ہوتی ہیں لیکن پروٹین حاصل کرنے کے اور بھی ذرائع ہیں۔
ہم میں سے بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہیں گوشت نہیں پسند اور متعدد لوگ ایسے بھی ہیں جو دودھ پینا یا دودھ سے بنی اشیاء کا استعمال پسند نہیں کرتے۔
تو چلیں ہم آپ کو دودھ سے بنی اشیاء یا گوشت کے علاوہ چند ایسی غذاؤں کے بارے میں بتائیں جنہیں کھا کر جسم میں پروٹین کی ضرورت کو پورا کیا جا سکتا ہے۔
دالوں میں پروٹین بھرپور مقدار میں پایا جاتا ہے۔ دالوں کی بے شمار قسمیں ہوتی ہیں جنہیں منفرد انداز میں بنا کر کھایا جاسکتا ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق تقریباً ہر دال میں ہی پروٹین پایا جاتا ہے جب کہ لال اور ہری دال میں بے شمار پروٹین، فائبر، آئرن اور پوٹاشیم موجود ہوتا ہے۔
چنوں میں پروٹین وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جسے مختلف طریقوں سے کھانے میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔ چنوں کو پروٹین حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ بھی سمجھا جاتا ہے۔
مونگ پھلی میں بھی پروٹین بھرپور مقدار میں پائی جاتی ہے جب کہ اس میں ایسا فیٹ (چربی) موجود ہوتا ہے جو صحت کے لیے مفید ہے۔
بادام پروٹین اور وٹامن ای حاصل کرنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے جو کہ جلد اور آنکھوں کی صحت کے لیے بے حد معاون سمجھا جاتا ہے۔
قینوہ کو پروٹین سے مالامال اناج تصور کیا جاتا ہے۔ اسےخوراک میں شامل کیا جائے تو صحت پر مثبت نتائج مرتب ہوتے ہیں۔
تخم بالنگا میں کیلوریز بے حد کم مقدار میں ہوتی ہیں جب کہ یہ پروٹین سے بھرپور ہوتا ہے اس کے علاوہ تخم بالنگا میں فائبر اور اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بھی پایا جاتا ہے۔