Time 22 فروری ، 2020
پاکستان

عمران خان نے ملک کیلئے ورلڈکپ جیتا، معاشی بحران سے بھی نکالیں گے: اسد قیصر

صوابی: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ عمران خان نے ملک کے لیے ورلڈکپ جیتا ہے  اور ویسے ہی قوم کو معاشی بحران سے بھی نکالیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود  خان نے ضلع صوابی میں پیہور برانچ سے منسلک کینال روڈ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کیا۔

اس  کے علاوہ وزیر اعلیٰ نے درہ مائینر سے منسلک کینال پیٹرول روڈ کی توسیع اور تعمیر نو کے منصوبے کا بھی افتتاح کیا۔ 

بعدازاں صوابی میں شمولیتی جلسہ عام سے خطاب میں اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم  عمران خان نے ملک کے لیے ورلڈکپ جیتا اور شوکت خانم اسپتال کا بڑا تحفہ دیا، اِس وقت ملک کو سخت معاشی مشکلات کا سامنا ہے لیکن مجھے یقین ہے کہ عمران خان ملک کو معاشی بحران سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اِس وقت واحد آپشن ہے، پہلی بار خیبرپختونخوا میں چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت موٹرویز بن رہے ہیں، افغانستان کے ساتھ بزنس کی شروعات کرنا چاہتے ہیں۔ 

افغانستان میں امن عمل سے پاکستان میں ترقی کے حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کی وجہ سے ملک میں ترقی آئے گی اور روزگار کی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سے واضح بات کریں گے کہ جب بھی امن معاہدہ ہو تو پاکستان کی راہداری سینٹرل ایشیا تک ہو، گھٹن کا ماحول ختم ہونے والا ہے، افغان امن معاہدے کے بعد افغانستان اور سینٹرل ایشیا سے کاروبار کی نئی راہیں کھلیں گی۔

حکومتی کارکردگی کے حوالے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ 15 ماہ میں ہماری ناکامی کا رونا نہ روئیں بلکہ 5 سال بعد عوام خود فیصلہ کریں گے۔

ملک میں اگلے 5 سال بھی ہماری حکومت ہوگی: وزیراعلیٰ کے پی کے

وزیراعلیٰ کے پی کے اور اسپیکر قومی اسمبلی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے — فوٹو: محمود خان فیس بک آفیشل 

تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے دعویٰ کیا کہ پچھلے 5 سال جیسے ہم نے خیبرپختونخوا میں ڈلیور کیا ویسے ہی وفاق میں کام کریں گے، یہ 5 سال گزاریں گے اور اگلے 5 سال بھی ہماری حکومت ہوگی۔ 

انہوں نے کہا کہ ہم پر 30 ہزار ارب روپے کا قرض چھوڑا گیا، سب ہی منافع بخش اداروں کو خسارے میں ڈالا، اِس وقت عمران خان ماضی کی حکومتوں کا پھیلایا گند صاف کررہے ہيں۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے غریبوں کے لیے کوئی کام نہیں کیا، جب بھی وزیراعظم سے ملتا ہوں تو وہ کہتے ہیں کہ محمود خان صبح اٹھا کرو تو عام اور غریب عوام کے لیے سوچا کرو، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :