دنیا
Time 25 فروری ، 2020

جرمنی: کارنیول پریڈ میں کار سوار نے لوگوں کو کچل دیا، 52 افراد زخمی

جرمنی کے علاقے ’فوک مارسین‘ میں جاری کارنیول پریڈ میں کار سوار نے تیزرفتار گاڑی ہجوم پر چلادی — فوٹو : رائٹرز

جرمنی کے قصبے ’فوک مارسین‘ میں جاری کارنیول کی پریڈ میں ایک کار سوار نے تیز رفتار گاڑی ہجوم پر چڑھادی جس کے نتیجے میں 52 افراد زخمی ہوگئے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جرمنی کے شمالی حصے میں واقعے شہر ‘فوک مارسین‘ میں کارنیول پریڈ جاری تھی کہ تیز رفتار گاڑی نے پریڈ میں گھس کر لوگوں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 52 افراد زخمی ہوگئے، اب تک واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

مقامی پولیس نے بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں سے اکثر کی حالت تشویشناک ہے لیکن تاحال ہلاکت کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

پولیسس کے مطابق مشتبہ شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور بعد ازاں اسے تفتیش کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کے مطابق مشتبہ شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے بعد ازاں اسے تفتیش کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا—  فوٹو : رائٹرز

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی ویڈیو بنانے والے شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس سے بھی تفتیش جاری ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق علاقے میں کارنیول  کی پریڈ جاری تھی کہ ایک ’سلور رنگ کی مرسڈیز‘ تیزی سے اطراف میں رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے پریڈ میں موجود لوگوں پر چڑھ گئی۔

 واقعے سے متعلق بیان دیتے ہوئے چشم دید گواہ کا کہنا تھا کہ ’کار سوار نے ہجوم کی طرف اپنی گاڑی کا رُخ کیا اور ایسا لگتا ہے کہ تیزرفتار گاڑی سے اس نے ہجوم میں موجود بچوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی‘۔

مزید خبریں :