کھیل
Time 25 فروری ، 2020

مشفیق الرحیم پاکستان نہ جانے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں، بنگلادیشی بورڈ

اہلِ خانہ ہر کسی کے لیے اہم ہوتے ہیں لیکن ملک اس سے بھی زیادہ اہم ہوتا ہے، امید ہے کہ وہ پاکستان جائیں گے، صدر بی سی بی نظم الحسن— فوٹو: فائل

بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن کا کہنا ہے کہ مشفیق الرحیم اپنے پاکستان نہ جانے کے فیصلے پر دوبارہ غور کریں، ٹیم میں ان کی کمی کو محسوس کیا گیا اور  کنٹریکٹ یافتہ تمام کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر کا کہنا ہے کہ مشفیق الرحیم کو پاکستان کے دورہ سے متعلق اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔

نظم الحسن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مشفیق الرحیم نے اپنے حتمی فیصلے سے بورڈ کو آگاہ نہیں کیا ہے لیکن مجھے امید ہے کہ وہ پاکستان جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر اس کھلاڑی کو ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے جس کے ساتھ ہمارا کنٹریکٹ ہے۔ اہلِ خانہ ہر کسی کے لیے اہم ہوتے ہیں لیکن ملک اس سے بھی زیادہ اہم ہوتا ہے۔

بنگلادیش کی ٹیم 3 اپریل کو ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچے گی — فوٹو فائل: اے پی

خیال رہے کہ رواں سال جنوری میں کھیلے جانے والی تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں بنگلادیش کی ٹیم میں مشفیق الرحیم کی کمی کو شدت سے محسوس کیا گیا جس میں پاکستان کو بنگلادیش کے خلاف سیریز میں 0-2کی برتری حاصل رہی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

علاوہ ازیں آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تحت کھیلے جانے والے دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بھی پہلے میچ میں بنگلا دیش کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسرا میچ  اپریل میں کھیلا جائے گا۔

بنگلادیش کی ٹیم 3 اپریل کو ون ڈے میچ کھیلنے کے لیے پاکستان پہنچے گی جو کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اس وقت ساری نظریں مشفیق الرحیم کے فیصلے پر مرکوز ہیں کہ آیا وہ ٹیم کی سیریز میں خراب کارکردگی کے بعد اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں گے یا نہیں۔

نظم الحسن نے مزید کہا کہ مشفیق الرحیم کو اس سلسلے میں اپنے قریبی رشتے دار ’محمود اللہ ریاض‘ سے بھی مشاورت کرلینی چاہیے جو پاکستان کے خلاف سیریز میں بنگلادیش ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔

نظم الحسن نے مزید کہا کہ ہمیں جو بھی کہنا تھا کہہ دیا ہے، ہم انہیں مجبور نہیں کریں گے لیکن سب سے بات کرنے کے بعد مجھے ایسا لگتا ہے کہ انہیں اس موقع پر ٹیم کا حصہ ہونا چاہیے۔

علاوہ ازیں بنگلادیش کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میچ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے کے لیے پُرامید ہے۔

خیال رہے کہ مشفیق الرحیم نے اپنے اہلِ خانہ کے تحفظات کی وجہ سے پاکستان نہ آنے کا اعلان کیا تھا اور انہوں نے کہا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی، ٹیسٹ یا ون ڈے کسی بھی میچ کے لیے پاکستان کا دورہ نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :