25 فروری ، 2020
سابق کپتان اور قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز جاوید میانداد جیو نیوز کے پروگرام میں اپنی کی نقل اتارے جانے پر خفا ہوگئے۔
جیونیوز کے پروگرام 'جشن کرکٹ' میں دیگر کرداروں کے ساتھ ساتھ جاوید میانداد کا ڈمی کردار بھی پیش کیا گیا جو کہ انہیں پسند نہ آیا۔
جاوید میانداد نے اپنے ڈمی کردار پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو پیغام میں کہا کہ مذاق میں کوئی حرج نہیں لیکن جس طرح پروگرام میں انہیں پیش کیا گیا اس سے اچھا امیج نہیں بنتا۔
سابق کپتان کا ڈمی کردار کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ سب مناسب انداز میں بھی کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرکٹ کھیلتے ہوئے انہوں نے ہمیشہ ملک و قوم کی عزت کا خیال رکھا،اسی لیے لوگ آج بھی ان کی عزت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ جاوید میانداد کی ناراضی کی وجہ ان کا وہ ڈمی کردار ہے جو پروگرام خبرناک کے مشہور کردار علی میر نے اپنایا۔
'جشن کرکٹ' میں علی میر نے طنز و مزاح پیش کرتے ہوئے میزبان اور دیگر مہمانوں پر بھی ہلکے پھلکے انداز میں جملے کسے ، جس سے شرکاء بہت محظوظ ہوئے۔