26 فروری ، 2020
اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانتیں منظور ہونے کے بعد سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے دونوں لیگی رہنماؤں کی ضمانتیں ایک، ایک کروڑ کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھیں۔
احتساب عدالت میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد دونوں رہنماؤں کی روبکار جاری کی گئی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا۔
اڈیالہ جیل سے رہائی کے موقع پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے رہنماؤں کا استقبال کیا اور گل پاشی بھی کی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی کیس جب کہ احسن اقبال کی نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس میں ضمانت منظور کی۔
دوسری جانب قومی احتساب بیورو (نیب) نے لیگی رہنما احسن اقبال کی رہائی سے قبل ہی انہیں دوبارہ طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے 28 فروری کو طلبی کا نوٹس نارووال اسپورٹس سٹی کیس میں تحقیقات کے لیے جاری کیا گیا ہے۔
اُدھر گزشتہ روز ہی نیب نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی ضمانتوں کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔