Time 27 فروری ، 2020
کھیل

پی ایس ایل 5: سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ نے اسلام آباد کو شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 9 ویں میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی۔

اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 188 رنز کا ہدف دیا۔ میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ کوئٹہ نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 19.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔

اسلام آباد کی اننگز

کولن انگرام 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹائمل ملز نے دو دو جبکہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا— فوٹو: پی ایس ایل

کوئٹہ کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونکی اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا۔

11 کے مجموعی اسکور پر لیوک رونکی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، انہیں نسیم شاہ نے بولڈ کیا۔

اسلام آباد کی دوسری وکٹ 36 رنز پر گری جب ڈیوڈ میلان 10 رنز بناکر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

کولن منرو بھی 31 رنز بناکر حسنین کا شکار بن گئے۔ اس کے بعد شاداب خان اور کولن انگرام نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔

132 کے مجموعی اسکور پر کپتان شاداب خان 39 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد آصف علی اور فہیم اشرف بھی بالترتیب 15 اور 6 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

کولن انگرام 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ اور ٹائمل ملز نے دو دو جبکہ محمد حسنین اور بین کٹنگ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

کوئٹہ کی اننگز

سرفراز نے محمد نواز کے ساتھ مل کر اہم اننگز کھیلی اور 20 گیندوں پر 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے— فوٹو: پی ایس ایل

کوئٹہ کی جانب سے جیسن رائے اور شین واٹس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شین واٹسن ایک بار پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 63 کے مجموعی اسکور پر احمد شہزاد ایک اوور میں دو چھکے لگانے کے بعد تیسرے چھکے کی کوشش کرتے ہوئے شاداب کی گیند پر اسٹمپڈ ہوگئے۔

اعظم خان بھی 10 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد نے جیسن رائے کا ساتھ دیا تاہم جیس رائے 50 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد سرفراز نے محمد نواز کے ساتھ مل کر اہم اننگز کھیلی اور 20 گیندوں پر 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آخر میں بین کٹنگ نے میچ کا نقشہ بدل دیا اور میچ کوئٹہ کی جھولی میں دال دیا۔ کٹنگ نے 17 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 42 رنز بنائے اور ٹیم کو فتح دلوائی۔

محمد نواز 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف اور احمد صفی عبداللہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ میزبان اسلام آباد یونائیٹڈ کو اوپننگ میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 وکٹ سے ہرایا تھا۔ 

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پہلی بار پی ایس ایل کا میدان سجا ہے ۔ پی ایس ایل کے تمام میچز جیوسوپر سے براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :