کاروبار
Time 27 فروری ، 2020

2019 میں مکیش امبانی نے فی گھنٹہ 7 کروڑ روپے کمائے

بھارتی تاجر مکیش امبانی 67 ارب امریکی ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے 9 ویں امیرترین شخص ہیں—  فوٹو: اے این آئی

بھارتی بزنس مین مکیش امبانی نے سال 2019 میں ہر گھنٹے میں 7 کروڑ بھارتی روپے کمائے اور وہ بدستور بھارت کے امیر ترین شخص ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2019 میں بھارت میں ہر مہینے ڈالر کے اعتبار سے تین ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا جس کے بعد ملک میں ارب پتی افراد کی تعداد 138 تک جاپہنچی ہے اور اس طرح زیادہ ارب پتی افراد کے اعتبار سے بھارت دنیا میں تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔

چین 799 ارب پتیوں کے ساتھ پہلے اور امریکا 626 ارب پتیوں کے ساتھ دوسری پوزیشن پر قابض ہے۔

138 افراد کی فہرست میں 2019 میں 34 نئے ارب پتی افراد شامل ہوئے ہیں جن میں سب سے اوپر ریلاینس انڈسٹریز کے مالک مکیش امبانی ہیں جن کے اثاثوں کی کل مالیت 67 ارب امریکی ڈالر ہے اور 2019 میں انہوں نے ہر گھنٹے میں 7 کروڑ روپے کمائے۔ اگر بھارت کے اُن ارب پتی افراد کو بھی شامل کرلیا جائے جو بھارت سے باہر ہیں تو تعداد 170 تک پہنچ جائے گی۔

حورون گلوبل رِچ لسٹ کے نویں ایڈیشن کے مطابق دنیا بھر میں ارب پتی افراد کی تعداد 2,817  ہے جن کے بعد کے پاس 1 ارب امریکی ڈالر یا اس سے زائد موجود ہیں۔ 2019 میں دنیا بھر میں 480 نئے ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا ہے۔

چین میں ہر ہفتے تین جبکہ بھارت میں ہر ماہ 3 ارب پتی افراد کا اضافہ ہوا۔

بھارت کے شہر ممبئی میں سب سے زیادہ ارب پتی افراد قیام پذیر ہیں، 138 میں سے 50 ارب پتی ممبئی میں رہتے ہیں جس کی وجہ سے ممبئی دنیا کا 9 واں امیر ترین شہر بن گیا ہے جبکہ 30 ارب پتی افراد کا تعلق نئی دہلی، 17 کا بنگلور اور 12 کا احمد آباد سے ہے۔

بھارتی تاجر مکیش امبانی 67 ارب امریکی ڈالر کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے 9 ویں امیرترین شخص ہیں جبکہ ایمازون کے بانی جیف بیزوس 140 ارب امریکی ڈالر کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔

مزید خبریں :