27 فروری ، 2020
ایران میں چین سے پھیلنے والے پُراسرار کورونا وائرس کے مزید کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 26 تک پہنچ گئی ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی وزارتِ صحت کے حکام نے ایران میں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس سے مزید 7 ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے جس کے بعد ملک بھر میں اب تک وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔
وزارت کے ترجمان ’خیانوش جہان پور‘ نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے مزید 106 کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 245 تک پہنچ گئی ہے۔
یاد رہے کہ ایران میں کورونا کا پہلا کیس 19 فروری کو سامنے آیا تھا جس کے بعد سے یہ پہلا واقعہ ہے کہ ایران میں ایک دن میں وائرس کے اتنے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
علاوہ ازیں وائرس کے نئے متاثرہ کیسز میں ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ امور کے صدر‘مجتبیٰ ذوالنور‘ بھی شامل ہیں جنہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ ان میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے اور وہ قرنطینہ میں ہیں۔
جبکہ اس سے دو روز قبل، ایران کے نائب وزیرِصحت اور کورونا وائرس کی ٹاسک فورس کے صدر نے بھی ایک ویڈیو بیان جاری کیا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ بھی وائرس سے متاثرہ ہوگئے ہیں۔
ایران میں شہر’قم‘ کورونا وائرس کا مرکز بنا ہوا ہے جہاں ملک میں اس کا سب سے پہلا کیس رپورٹ ہوا تھا۔
بدھ کے روز ایرانی حکام کی جانب سے وائرس کے متاثرہ یا مشتبہ افراد پر سفری پابندی بھی عائد کردی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے زائرین کو مقدس مقامات کی زیارت کے لیے جانے سے بھی روک دیا گیا ہے۔
ایرانی وزیرِ صحت ’سعید نماکی‘ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ زائرین کو صرف اس شرط پر مزارات پر آنے کی اجازت دی جائے گی کہ ان کے پاس (ہینڈ واش) ہاتھ دھونے کے لیے مائع، ماسک اور اپنی صحت سے متعلق مناسب معلومات ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ زائرین کو چاہیے کہ مزارات پر گروہ کی شکل میں جمع نہ ہوں بس دعا کریں اور چلیں جائیں۔