Time 29 فروری ، 2020
کھیل

پی ایس ایل 5: قلندرز جیت کا کھاتا کھولنے میں پھر ناکام، زلمی کامیاب

کپتان ڈیرن سیمی 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے— فوٹو: پی ایس ایل

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے 11 ویں میچ میں پشاور نے کامیابی حاصل کی اور لاہور قلندرز ایک بار پھر جیت کا کھاتا کھولنے میں ناکام رہے۔

 پشاور زلمی اور لاہور قلندرز کے درمیان راولپنڈی اسٹیڈیم میں میچ بارش کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا اور میچ کو 12 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 12 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنائے اور لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 133 رنز کا ہدف ملا۔

پشاور زلمی کے  ٹام بینٹن اور حیدر علی نے 34 ، 34 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لیوئس گریگورے 16 ، کامران اکمل 14 اور لیام لیونگ اسٹون نے 5 رنز بنائے۔

کپتان ڈیرن سیمی 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ وہاب ریاض 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور کی جانب سے  دلبرحسین نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ  ڈیوڈ وائسی 2 اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور کی جانب سے میڈیم پیسر دلبرحسین نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا— فوٹو: پی ایس ایل

جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 12 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بناسکے۔

کرس لن 30 اور سمت پٹیل 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے لیوس گریگوری نے 4 جبکہ وہاب ریاض اور محمد عامر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیموں کے درمیان میچ 8 بجے شروع ہونا تھا تاہم وکٹ اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا۔

مزید خبریں :