Time 01 مارچ ، 2020
کھیل

پی ایس ایل: کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

 پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 14 ویں میچ میں کراچی کنگز نے  اسلام آباد یونائیٹڈ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان  پر 183 رنز بنائے۔

کراچی کنگز نے 184 کا ہدف 19 ویں اوور کی تیسری گیند پر 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

اسلام آباد کی اننگز

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے 31 گیندوں پر 54 رنز بنائے،فوٹو:پی ایس ایل آفیشل

یونائیٹڈ کی اننگز کا ٓآغاز مایوس کن رہا اور اس کے اوپنر کولن منرو دوسرے ہی اوور میں 2 کے مجموعی اسکور پر ایک رنز بنا کر محمد عامر کا شکار ہوگئے۔

ان کے بعد آنے والے رضوان حسین نے رونکی کے ساتھ مل کر تیزی سے رنز بڑھانے کی کوشش کی تاہم رضوان بھی 51 کے مجموعی اسکور پر 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

اسلام آباد کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن انگرام تھے جو کہ دسویں اوور میں 77 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد کپتان شاداب خان نے قائدانہ اننگز کھیلی اور رونکی کے ساتھ مل کر اسکور 183 تک پہنچادیا۔

لیونک رونکی نے 58 گیندوں پر 85 اور  شاداب خان نے 31 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

کراچی کنگز کی جانب سے محمد عامر،عماد وسیم اور عمر خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کی اننگز

کراچی کنگز کے بلے باز ایلکس ہیلز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا،فوٹو:پی ایس ایل آفیشل

ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کو  پہلے ہی اوور میں دھچکا لگا جب  بابر اعظم رن لینے کوشش میں کھاتہ کھولے بغیر رن آؤٹ ہوگئے۔

بابر کے بعد شرجیل خان نے جارحانہ انداز میں اپنی اننگز آگے بڑھائی تاہم وہ 58 کے مجموعی اسکور پر  رومان رئیس کی گیند پر آؤٹ ہوگئے انہوں نے 20 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

ان کے بعد ایلکس ہیلز اور کیمرون ڈیلپورٹ ٹیم کو سہارا دیا اور مجموعی اسکور 122 تک پہنچا دیا،اس موقع پر ڈیلپورٹ 38 رنز بنا کر اسٹین کا شکار ہوگئے۔

136 کے اسکور پر ایلکس ہیلز بھی آؤٹ ہوگئے انہوں نے 52 رنز کی قیمتی اننگز کھیلی، ان کے بعد افتخار احمد بھی ایک رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئے۔

اس صورتحال میں ویسٹ انڈین وکٹ کیپر بلے باز والٹن اور کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح دلوادی۔

والٹن نے 23 جب کہ عماد نے 15 گیندوں پر 32 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے ڈیل اسٹین، رومان رئیس اور احمد صفی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی جب کہ کنگز کے دو کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کے بلے باز ایلکس ہیلز کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مزید خبریں :