Time 01 مارچ ، 2020
پاکستان

نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی عروج پر ہے: فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ اور مہنگائی عروج پر ہے۔

اسلام آباد میں  تحفظ آئین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کی وجہ سے ملکی معیشت تباہ، سرمایہ غیر محفوظ، ملک میں کارخانے بند اور مہنگائی عروج پر ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ لوگ ملک سے باہر جارہے ہیں، ان نااہلوں نے شرح نمو 2 فیصد دکھائی جو جھوٹ تھا۔

سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے نواز شریف کا نااہل کرنا ضروری تھا، نواز شریف اور زرداری سمیت سیاستداتوں کو سزائیں اسی مقصد کے لیے دی جارہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ملک میں آئین ہے مگر آزاد اور زندہ نہیں ہے، طاقتور جب چاہیں قانون کی شکل بگاڑ لیتے ہیں، جس جج کے فیصلے اچھے نہ لگیں، ان کے خلاف ریفرنس آجاتے ہیں، عدلیہ اور وکلاء برادری آئین و قانون کو تحفظ نہ دے سکے تو ملک کہاں جائے گا؟

انہوں نے مزید کہا کہ محرومی کے احساس کو ختم کرنا ہے تو آئین پر عمل کرنا ہوگا، 18 ویں ترمیم سے صوبوں کے اختیار میں اضافہ ہوا ہے لیکن وفاق صوبوں کو اختیار دینے میں تامل کا اظہار کر رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایک وقت تھا جب نریندر مودی کہتا تھا آؤ بات کریں، اب وہی مودی ہے جو ان کی بات بھی نہیں سنتا، حکومت کے پاس بھارت کے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے کی صلاحیت ختم ہو چکی ہے۔

مزید خبریں :