Time 02 مارچ ، 2020
دنیا

کورونا وائرس سے ہلاکتیں 3 ہزار سے تجاوز کر گئیں

چین کے بعد دنیا کے 50 سے زائد ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے ہلاکتیں 3 ہزار سے تجاوز کر گئیں۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اٹلی میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1700 کے قریب پہنچ گئی ہے جب کہ فرانس میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 130 ہو گئی ہے۔

امریکا میں بھی کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ چیک ری پبلک، اسکاٹ لینڈ اور ڈومینن ری پبلک میں بھی کورونا وائرس کے پہلے پہلے کیس کی تصدیق ہوئی ہے۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق کووڈ 19 سے مزید 42 اموات اور 202 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی 4 افراد ہلاک اور 495 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

چین میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 ہزار 912 ہو گئی ہے جب کہ دنیا کے دیگر ممالک میں ہونے والی اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

ایران میں بھی گزشتہ روز 11 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 54 ہو گئی ہے۔  آسٹریلیا اور تھائی لینڈ میں بھی ایک ایک ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے 36 کیسز کی تصدیق کے بعد وزیراعظم بورس جانسن نے طبی ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی ہلاکتیں 26 ہو گئی ہیں جب کہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 212 تک پہنچ گئی ہے۔

ایک طرف دنیا میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے تو دوسری جانب چین میں کورونا وائرس کے باعث قرنطینہ میں رکھے گئے افراد تیزی سے صحتیاب ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز بھی 2 ہزار 800 سے زائد افراد کو اسپتال سے گھروں میں منتقل کیا گیا۔

مزید خبریں :