Time 04 مارچ ، 2020
پاکستان

پشاور بی آر ٹی منصوبے میں ایک اور مسئلے نے سر اُٹھا لیا

پشاور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) منصوبے میں یونیورسٹی روڈ پر نکاسی آب کا نالہ تاحال تعمیر نہ ہونے سے منصوبے کے افتتاح میں مزید تاخیر کا خدشہ ہے۔

نالہ نہ ہونے کی وجہ سے یونیورسٹی روڈ پربارش کا پانی بی آر ٹی کے اطراف میں کھڑا ہوجاتا ہے۔

پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) نکاسی آب کا نالہ بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے اور اس حوالے سے محکمہ سوئی گیس کو خط لکھا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی روڈ پر گیس لائنز کو دوبارہ منتقل کیا جائے گا لہٰذا یونیورسٹی روڈ پر گیس لائنز کہاں ہیں، اس حوالے سے بتایا جائے۔

محکمہ گیس نے پی ڈی اے کو یونیورسٹی روڈ پر 6 اور 10 انچ کی پائپ لائن کی نشاندہی کردی ہے۔

محکمہ سوئی گیس ذرائع کے مطابق گیس پائپ لائِنز منتقل کرنے کی صورت میں پی ڈی اے کو رقم ادا کرنا ہوگی، اس سے قبل بھی بی آر ٹی روٹ اور اطراف میں گیس لائنز کو منتقل کیا جاچکا ہے جس کے لیے پی ڈی اے نے محکمہ گیس کو 30 کروڑ روپے ادا کیے تھے۔ 

ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید ظفر علی شاہ نے جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ یونیورسٹی روڈ پر سپین جماعت تک ڈھائی کلو میٹرنالہ تعمیر کیا جائے گا،  موجودہ نالہ مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتا، اس لیے نالے کو توسیع دی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نالے کے اطراف میں گیس سمیت دیگر یوٹیلٹز کی لائنز کو بھی منتقل کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا جو کئی تاریخوں کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوسکا۔

اکتوبر 2017 میں شروع ہونے والے اس منصوبے کو کے پی کے حکومت نے چھ ماہ کے اندر مکمل کرنے کا دعویٰ کیا تھا جب کہ منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 49 ارب روپے لگایا گیا جو اب 60 ارب روپے سے بھی تجاوز کرچکا ہے۔

مزید خبریں :