Time 08 مارچ ، 2020
پاکستان

عالمی یوم خواتین پر ملک کے مختلف شہروں میں ’عورت مارچ‘ کا انعقاد

عالمی یوم خواتین پر لاہور ، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں ’عورت مارچ‘  اور دیگر ناموں سے ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔

کراچی کے فریئر ہال میں عورت مارچ کے شرکاء جمع ہوئے جس میں  خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی نمایاں شخصیات سمیت خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

اس موقع پر شرکاء نے خواتین کے خلاف منفی سماجی رویوں کے خلاف نعرے لگائے اور خواتین کو حقوق دینے کا مطالبہ کیا۔

کراچی میں ہونے والے عورت مارچ کا منظر — فوٹو: آئی این پی 

خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے کراچی کے ساحل سی ویو  پر خواتین کی بائیک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا۔

کراچی کے عورت مارچ میں شریک خواتین پلے کارڈ اٹھائے ہوئے — فوٹو: این این آئی

ریلی میں 200 سے زائد خواتین نے سی ویو پر بائیک چلائی، ریلی میں شریک خواتین نے تقریباً دو کلو میٹر کا سفر طے کیا ۔

 سی ویو پر خواتین کی بائیک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا،فوٹو اسکرین شاٹ، سوشل میڈیا

ریلی کے منتظمین کا کہنا تھا کہ ریلی کا مقصد ملک بھر کی خواتین کو یہ پیغام دینا ہے کہ معاشرے کی خواتین بااختیار اور بااعتماد ہیں، شرکاء خواتین کا کہنا تھاکہ ہیوی بائیک چلانا بھی ایک آرٹ ہے اور اب خواتین مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔

لاہور میں بھی یوم خواتین پر تقریبات

لاہور میں عورت مارچ کے منظر — فوٹو: آن لائن

لاہور میں بھی عورت مارچ کے شرکاء نے پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی، اس دوران نوجوان فن کاروں کی جانب سے اپنے فن کا مظاہرہ کیا گیا اور  خواتین کے مسائل کی نشاندہی کے لیے اسٹریٹ تھیٹر پیش کیا گیا۔

 لاہور میں عورت مارچ کے شرکانے پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی،فوٹو:پی پی آئی

مارچ میں خواتین کی بڑی تعداد شریک تھی جنہوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے، اس موقع پر خواتین نے خوب نعرے بھی لگائے جبکہ خواتین کے ساتھ مردوں نے بھی عورت مارچ میں شرکت کی۔

لاہور میں عورت مارچ میں خواتین پلے کارڈ اٹھائے ہوئے ہیں — فوٹو: افضل عباس

مارچ کی شرکاء نے کہا کہ برابری کے حقوق مانگے کے لیے سڑکوں پر آئی ہیں۔

عورت مارچ کے شرکاء کی حفاظت کے لیے خواتین پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے ڈیوٹی سرانجام دی۔

لاہور میں جماعت اسلامی خواتین ونگ کے زیر اہتمام تکریم نسواں ریلی کا انعقادکیا گیا جس میں خواتین کی بڑی تعداد نے ناصر باغ ریلی میں شرکت کی۔

جماعت اسلامی خواتین ونگ لاہور کے زیر اہتمام تکریم نسواں ریلی کا انعقادکیا گیا،فوٹو:پی پی آئی

 ریلی میں کالجز اور جامعات کی طالبات سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین بڑی تعداد میں شامل ہوئیں۔

اسلام آباد میں عورت مارچ پر پتھراؤ

نیشنل پریس کلب اسلام آباد پر عورت مارچ میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی، شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر عورت مارچ کے منشور پر مشتمل نعرے  درج تھے۔

  اسلام آباد میں عورت مارچ میں مردو خواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی،فوٹو:اے ایف پی

اسلام آباد میں عورت مارچ کے شرکاء پر بعض افراد نے پتھراؤ بھی کیا اور جوتے پھینکے جس کے باعث عورت مارچ کے شرکاء کو وہاں سے جانا پڑا، پتھراؤ اس وقت کیا گیا جب مارچ اختتام کو پہنچ رہا تھا۔

پشاور

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور  میں بھی خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے ریلیوں اور سیمینار کا اہتمام کیا گیا ۔

 پشاور پریس کلب میں منعقدہ سیمینار میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے شرکت کی، سیمینار ملک بھر میں شہید کی گئی خواتین کے نام منسوب کیا گیا۔ 

کوئٹہ میں بھی یوم خواتین پر ریلی کا انعقاد

 عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں کوئٹہ میں بھی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیاگیا۔

کوئٹہ میں نکالی گئی ریلی میں سول سوسائٹی کے مردو خواتین نمائندے شریک ہوئے،فوٹو ، آئی این پی

کوئٹہ کے بلدیہ لان سے نکالی گئی ریلی میں سول سوسائٹی کے مرد و خواتین نمائندے شریک ہوئے، ریلی کے شرکاء نے مختلف بینرز اور پوسٹرز اٹھائے ہوئے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے۔

 شرکاء کا مطالبہ تھا کہ خواتین کو تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھرپور مواقع سمیت دیگر حقوق دئیے جائیں۔

حیدر آباد میں بھی یوم خواتین پر ریلیاں نکالی گئیں

عالمی یوم خواتین کے موقع پر حیدرآباد میں بھی مختلف تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔

فوٹو: آئی این پی

قومی عوامی تحریک کی ذیلی تنظیم سندھیانی تحریک، سماجی تنظیموں جامنی بازار اور روشنی فاؤنڈیشن کی جانب سے ایس ایس پی چوک سے پریس کلب تک ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔

اس کے علاوہ سکھر، فیصل آباد اور ملک کے دیگر شہروں میں بھی یوم خواتین کے حوالے سے عورت مارچ اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

مزید خبریں :