09 مارچ ، 2020
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ہفتے کا آغاز ہی شدید مندی سے ہوا اور 100 انڈیکس میں ریکارڈ اتار چڑھاؤ نے سرمایہ کاروں کے اربوں روپے ڈبودیے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر پہلے چند منٹ کے دوران ہی انڈیکس 5 اعشاریہ 83 فیصد کم ہوا اور مجموعی طور پر ہنڈریڈ انڈیکس میں 2106 پوائنٹس کی کمی دیکھنے میں آئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کے بعد 100 انڈیکس 36112 پوائنٹس پر آیا تو حصص کی خرید و فروخت 45 منٹ کے لیے روک دی گئی۔
جب وقفے کے بعد دوبارہ لین دین کا آغاز ہوا تو پھر بھی مندی کا رجحان جاری رہا اور انڈیکس 6 فیصد کمی کے بعد 2375 پوائنٹس کم ہو گیا۔
کاروبار کے دوران اتار چڑھاؤ کا سلسہ جاری رہا تاہم دن کے اختتام پر 100 انڈیکس 1160 پوائنٹس کمی سے 37058 پوائنٹس پربند ہوا اور بازار میں 30 کروڑ شیئرز کے سودے 11.48 ارب روپے میں طے ہوئے۔
100 انڈیکس میں 3 فیصد کمی سے سرمایہ کاروں کو 184 ارب روپے کا نقصان ہوا جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 184 ارب روپے کم ہوکر 6972 ارب روپے ہوگئی۔
خیال رہے کہ سعودی عرب کی جانب سے تیل کی قیمتوں میں کمی کے عالمی معیشت پر منفی اثرات سامنے آ رہے ہیں۔
عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 25 فیصد تک کم ہو گئی ہے اور ٹوکیو اسٹاک میں 5 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جب کہ امریکا، آسٹریلیا، ہانگ کانگ اور شنگھائی اسٹاکس بھی بیٹھ گئیں۔