09 مارچ ، 2020
چین میں کورونا وائرس کے باعث مزید 23 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ دنیا بھر میں موذی وائرس سے اموات کی تعداد 3 ہزار 800 سے تجاوز کر گئی ہے۔
چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 43 نئے کیسز سامنے آئے اور 23 ہلاکتیں ریکارڈ ہوئی ہیں۔
چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 120 تک پہنچ گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 80 ہزار 738 تک پہنچ گئی ہے۔
اس کے علاوہ جنوبی کوریا میں بھی 3 مزید افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں جس کے بعد وہاں جان سے ہاتھ دھونے والے افراد کی تعداد 53 ہو گئی ہے۔
اٹلی میں گزشتہ روز 133 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد وہاں اموات کی تعداد 366 جب کہ ایران میں 193 افراد اب تک موذی وبا سے ہلاک ہو چکے ہیں۔
امریکا میں بھی کورونا وائرس کے 13 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جب کہ جنوبی کوریا میں 69 اور آسٹریلیا میں 10 کیسز سامنے آئے ہیں۔
اس کے علاوہ بھارت، سعودی عرب، کینیڈا اور جارجیا میں بھی کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس گزشتہ برس دسمبر میں چین کے صوبے ہوبئی کے شہر ووہان میں منظر عام پر آیا تھا جس نے دیکھتے ہی دیکھتے دنیا کے 109 ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے 5 مریض زیر علاج ہیں جب کہ ایک مریض کو صحتیاب ہونے کے بعد گھر روانہ کر دیا گیا ہے۔