فواد اور صنم سعید پھر سے ایک ساتھ

فوٹو: فائل

اداکار فواد خان اور اداکارہ صنم سعید ایک مرتبہ پھر ایک ساتھ نظر آنے والے ہیں لیکن مداحوں کی پسندیدہ ترین جوڑی اس بار سلور اسکرین پر جلوے بکھیرے گی۔

ڈرامہ سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ کی مقبول ترین جوڑی اب معروف ہدایت کار حسیب حسن کی فلم ’آن‘ میں نظر آئے گی جب کہ اداکار جوڑی کے علاوہ اس فلم میں اداکارہ زارا نور عباس بھی اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔

ڈرامہ سیریل ’زندگی گلزار ہے‘ کی مقبول ترین جوڑی اب معروف ہدایت حسیب حسن کی فلم ’آن‘ میں نظر آئے گی—فوٹو: فائل

فلم ’آن‘ کا اسکرپٹ معروف مصنفہ عمیرہ احمد نے تحریر کیا ہے جب کہ فلم کی ہدایت کاری حسیب حسن کریں گے۔

حسیب حسن کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ سیریل ’الف‘ بھی عمیرہ احمد نے ہی لکھا تھا اور اب امید کی جارہی ہے کہ ان دونوں کی فلم ’آن‘ بھی خوب مقبول ہوگی۔ 

فلم ’آن‘ کے حوالے سے ہدایت کار حسیب حسن کا کہنا تھا کہ یہ فلم ’مزاح ، رومانویت اور جذبات کا مکمل پیکیج ہے‘۔

حسیب حسن نے فلم ’آن‘ کا موازنہ اپنی کامیاب ترین فلم ’پرواز ہے جنون‘ سے کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پروجیکٹ  پرواز ہے جنون سے کئی گنا زیادہ طاقتور ہے‘۔

واضح رہے کہ ’زندگی گلزار ہے‘ ڈرامہ سیریل کے بعد صنم سعید اور فواد خان دونوں کو ایک ساتھ دوبارہ کسی اور پروجیکٹ میں نہیں دیکھا گیا، یہی وجہ ہے کہ مداحوں کو ان کی اس فلم کا بے صبری سے انتظار ہے۔

مزید خبریں :