کھیل
Time 10 مارچ ، 2020

پی ایس ایل 5: قلندرز کی مسلسل تیسری فتح، تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے

لاہور: لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری اور ایونٹ میں چوتھی فتح حاصل کرلی۔

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 5 کے 24 ویں میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز  کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا جو لاہور نے 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

اس فتح کے ساتھ لاہور قلندرز پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں جبکہ اسے مزید دو میچز کھیلنے ہیں۔

پشاور کی بیٹنگ

3 وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور حیدر علی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 116 رنز کی شراکت سے ٹیم کو بحران سے نکال دیا— فوٹو: پی ایس ایل

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میں میچ میں قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر  پشاور زلمی کو  پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پشاور زلمی کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں اس کے اوپنر ٹوم بینٹن بغیر کوئی رنز بنائے شاہین آفریدی کا شکار ہوگئے۔

دوسری وکٹ کیلئے بھی قلندرز کو زیادہ دیر انتظار  نہیں کرنا پڑا اور دوسرے ہی اوور میں لِونگ اسٹون 4 رنز بنا کر سمت پٹیل کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

24 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل بھی 12 رنز بناکر واپس لوٹ گئے انہیں بھی سمت پٹیل نے  آؤٹ کیا۔

3 وکٹیں گرنے کے بعد شعیب ملک اور حیدر علی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 116 رنز کی شراکت سے ٹیم کو  بحران سے نکال دیا۔

140 کے مجموعی اسکور ہر شعیب ملک 62 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ ان کے بعد آنے والے لویس گریگوری 8 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

حیدر علی بھی 69 رنز بنا کر دلبر حسین کا شکار ہوگئے جب کہ کپتان وہاب ریاض ایک رنز پر آؤٹ ہوئے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 اور سمت پٹیل نے 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ دلبر حسین اور ڈیوڈ وائز بھی ایک ، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

لاہور کی اننگز

کرس لین 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور تھوڑی ہی دیر بعد فخر زمان بھی 63 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے— فوٹو: پی ایس ایل

لاہور کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور کپتان سہیل خان نے کیا اور 50 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ قائم کی۔

اس موقع پر سہیل اختر 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے اور کرس لین کریز پر آئے جنہوں نے فخر زمان کے ساتھ شاندار بیٹنگ کی اور اسکور 146 تک پہنچادیا۔ اس دوران فخر زمان اور کرس لین دونوں نے نصف سنچریاں مکمل کیں۔

کرس لین 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے اور تھوڑی ہی دیر بعد فخر زمان بھی 63 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد محمد حفیظ 4 اور خطرناک بیٹسمین بین ڈنک 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ یکے بعد دیگرے دو وکٹیں گرنے کے بعد لاہور قلندرز پر پریشر آگیا اور پشاور میچ میں واپس آگیا۔

لیکن سمت پٹیل اور ڈیوڈ ویزے نے میچ پشاور کے منہ سے چھین لیا اور  لاہور کو فتح دلادی۔

لاہور نے 188 رنز کا ہدف 19.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سمت پٹیل 11 اور ڈیوڈ ویزے 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز پہلے، پشاور دوسرے، لاہور تیسرے، اسلام آباد چوتھے، کراچی کنگز پانچویں اور کوئٹہ چھٹے نمبر پر ہے۔

مزید خبریں :