11 مارچ ، 2020
عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے چین کے شہر ووہان سے پھیلنے والے کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا۔
عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم گھیبریوسس کا کہنا ہے کہ ’کووڈ 19 کو اب عالمگیر وبا کہا جاسکتا ہے‘۔
جنیوا میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ماضی میں ایسی عالمگیر وبا نہیں دیکھی جیسی کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پھیلی ہے تاہم ایسی عالمگیر وبا بھی نہیں دیکھی جسے قابو بھی کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور اموات میں اضافے کی توقع ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ وسائل کی کمی کے باوجود ایران کورونا وائرس کو روکنے کیلئے بھرپور کام کررہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور شدت پر گہری تشویش ہے،کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے ایمرجنسی ریسپانس بڑھا دیں، تمام ممالک اپنے اسپتال تیار رکھیں، تمام ممالک اپنے ہیلتھ ورکرز کو ٹریننگ دیں۔
عالمی ادارہ صحت نے ہدایات جاری کی ہیں کہ کورناوائرس کے ہر مریض کا علاج کریں، کورونا وائرس سے متاثر شخص سے رابطے میں رہنےوالےہر شخص کا پتہ چلائیں، کورونا صرف عوامی صحت کا بحران نہیں، ہر شبعے کو متاثر کرےگا۔
ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ ہر سیکٹر اور ہر فرد کو کورونا وائرس سےنمٹنے میں حصہ لینا چاہیے، اب تک 81 ملکوں میں کورونا وائرس رپورٹ نہیں ہوا، کورونا وائرس کے 90فیصد کیس صرف 4 ملکوں میں ہیں، 57 ملکوں میں 10 یا اس سے کم کیس رپورٹ ہوئے ، اب تک 121 ملکوں میں کورونا وائرس کے 1لاکھ 18ہزار کیس رپورٹ ہوئے، چین اور جنوبی کوریا میں کورونا کیس میں تیزی سے کمی آرہی ہے۔
خیال رہے کہ کورونا وائرس اس وقت دنیا کے 121 ممالک تک پھیل چکا ہے اور چین سمیت دنیا بھر میں موذی کورونا وائرس سے اب تک 4585 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے صرف چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3158 ہے۔