Time 12 مارچ ، 2020
پاکستان

’وزیراعظم کورونا وائرس کے خطرے کو سنجیدہ نہیں لے رہے‘

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کے خطرے کو سنجیدہ نہیں لے رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ ناصر شاہ کا اسمبلی روم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی سربراہی میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا جو کورونا وائرس کے متاثرہ افراد باہر سے آ رہے ہیں ان تک ہم پہنچ رہے ہیں، اب تک جتنے بھی متاثرہ لوگ سامنے آئے ہیں ان سب کی ٹریول ہسٹری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متعلق سکھر سمیت پورے صوبے میں انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں بخار سمیت دیگر علامات ہوں گی ان کو پورا علاج فراہم کیا جائے گا۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا بتایا جائے پنجاب میں 4 سے 5 ہزار لوگ جو سفر کر کے آئے ہیں ان سے رابطہ کیا گیا؟

ان کا کہنا تھا کورونا وائرس صوبے میں پھیل نہیں رہا بلکہ صرف ان سے آ رہا ہے جن کی ٹریول ہسٹری ہے۔

پی ایس ایل کے کراچی میں ہونے والے میچ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا پی ایس ایل کے حوالے سے ایڈوائزی جاری کی گئی ہے، پی ایس ایل کا میچ کراچی میں رکھنے کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا گیا۔

سندھ میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کے حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اسٹیئرنگ کمیٹی میں اکثریت کی رائے تھی کہ چھٹیاں نہ بڑھائی جائیں، ہم ہیلتھ ایڈوائرزی کے مطابق فیصلہ کریں گے، تعلیمی اداروں کی چھٹیوں سے متعلق فیصلہ آج یا کل کر لیا جائے گا، تعلیمی اداروں میں ہیلتھ ایڈوائزری پر عمل درآمد کروانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اپنے طور پر کورونا وائرس سے بچنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں، ہیلتھ ایڈوائزری کے مطابق ہر فرد کے لیے ماسک پہننا ضروری نہیں لیکن ماسک منہگے کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

ناصر حسین شاہ نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کورونا وائرس کے خطرے کو سنجیدہ نہیں لے رہے، ائیر پورٹ پر تھرمل اسکریننگ کا مناسب انتظام ہونا چاہیے، حکومت سندھ نے کراچی ائیر پورٹ کے لیے محکمہ صحت کے تربیت یافتہ افراد مہیا کیے ہیں، ائیرپورٹ پر مسافروں کے لیے عارضی انتظار گاہ بنائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ائیرپورٹ کے عارضی انتظارگاہ میں مسافروں کی اسکریننگ مناسب طریقے سے کی جائے۔

کراچی کے علاقے گولیمار میں گرنے والی عمارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا عمارت گرنے کے بعد ایف آئی آر ہوئی اور بلڈر کو دوسرے صوبے سے گرفتار کیا گیا، واقعے پر ملوث افسران کو بھی معطل کیا گیا اور وزیراعلیٰ کی ہدایت پر بے گھر ہونے والوں کے لیےکمیٹی بنائی گئی۔

مزید خبریں :