14 مارچ ، 2020
کراچی : پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کے 28 ویں میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیر ہونے والے میچ میں کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اپنے اہم میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 136 رنز ہی بناسکی۔
کراچی کنگز نے137 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
کنگز کی جانب سے پہلے بیٹنگ کی دعوت پر اسلام آباد کی اننگز کا آغاز محتاط کن رہا۔
یونائیٹڈ کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی رضوان حسین تھے جو کہ 35 کے مجموعی اسکور پر 17 رنز بنا کر عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد فل سالٹ بھی 25 رنز بنا کر عماد وسیم کا شکار ہوگئے، ان کے بعد سوائے حسین طلعت کے کوئی بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹہر سکا ۔
حسین طلعت 37 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ اس دوران ، کپتان شاداب خان اور کولن انگرام بھی بالترتیب 12 اور 14 رنز بنا سکے۔
فہیم اشرف اور ظفر گوہر بھی آخری لمحات میں تیزی سے اسکور کرنے میں ناکام رہے اور 12 اور 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف، کرس جورڈن، عماد وسیم ، افتخار احمد اور ارشد اقبال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
137رنز کے ہدف کے تعاقب میں کنگز کے اوپنر شرجیل خان اور بابر اعظم نے ٹیم کو تیز اور مستحکم آغاز فراہم کیا۔
شرجیل خان 60 کے مجموعی اسکور پر14 گیندوں پر 37 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 3 چوکے بھی شامل تھے۔
60 ہی کے اسکور پر بابر اعظم بھی 19 رنز بنا کر محمد موسیٰ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
لگاتار 2 وکٹیں گرنے کے بعد کنگز کی ٹیم تھوڑا دباؤ میں نظر آئی اور اس کی وکٹیں گرتی رہیں ، کپتان عماد وسیم نے 34 گیندوں پر 26 رنز کی اننگز کھیلی اور ظفر گوہر کا شکار ہوئے۔
137 رنز کا آسان ہدف 20 ویں اوور تک چلا گیا تاہم عمید آصف نے آخری لمحات میں 6 گیندوں پر 13 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔
کنگز کے دیگر کھلاڑیوں میں کیمرون ڈیلپورٹ،والٹن اور کرس جورڈن نے بالترتیب 11،11 اور 6 رنز بنائے۔
اسلام آباد کی جانب سے شاداب خان نے 2 جب کہ محمد موسیٰ ، ظفر گوہر ، عاکف جاوید اور رومان رئیس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا یہ آخری لیگ میچ تھا اور اسے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے یہ میچ جیتنا ضروری تاہم شکست کی وجہ سے اسلام آباد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگیا جب کہ کنگز نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔