کھیل
Time 15 مارچ ، 2020

پی ایس ایل :کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 5 کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کراچی کنگز کے خلاف 5 وکٹوں سے فتح کے باوجود سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا۔

کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔

 کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 151 رنز کا ہدف  17 ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کراچی کنگز کی اننگز

شین واٹس نے 34 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی،فوٹو : پی ایس ایل آفیشل

کراچی کنگز کو اننگز کے آغاز میں ہی نقصان کا سامنا کرنا پڑا اور اوپنر شرجیل خان دوسری ہی گیند پر بغیر کوئی رنز بنائے نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ان کے بعد بابر اعظم اور افتخار احمد نے اننگز کا سلسلہ جاری رکھا تاہم دونوں تیزی سے رنز کرنے میں ناکام رہے۔

افتخار احمد 21 جب کہ بابر اعظم 32 رنز بان کر آؤٹ ہوئے، اس موقع پر کیمرون ڈیلپورٹ نے جارحانہ انداز اپنایا اور 44 گیندوں پر 62 رنز بناکر محمد حسنین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ان کے علاوہ والٹن نے 26، اسامہ میر نے 1 جب کہ رضوان بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوئے۔

کوئٹہ کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جب کہ حسنین ، فواد اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز

خرم منظور 40 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے،فوٹو:پی ایس ایل آفیشل

کوئٹہ کو ابھی اننگز کے آغاز میں ہی نقصان اٹھانا پڑا جب اوپنر احمد شہزاد بغیر کوئی رن بنائے پہلے ہی اوور میں وقاص مقصود کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ان کے بعد شین واٹسن اور خرم منظور نے 117 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، خرم منظور 40 گیندوں پر 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ شین واٹس نے 34 گیندوں پر 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

کپتان سرفراز احمد 2 اور بین کٹنگ بغیر کوئی رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ اعظم خان نے 12 اور محمد نواز نے 8 رنز ناٹ آؤٹ بنائے اور ٹیم کو 17 ویں اوور میں فتح دلوادی۔

واضح رہے کہ  ملتان سلطانز ،لاہور قلندرز اور کراچی کنگز سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہو چکی تھیں جب کہ کوئٹہ کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے یہ میچ بھاری مارجن سے جیتنا تھا اور انہیں 150 کا ٹارگٹ 3.2  اوورز میں پورا کرنا تھا۔

کوئٹہ کراچی کنگز کے خلاف ایک اچھی فتح کے باوجود پی ایس ایل 5 سے باہر ہوگیا ہے اور   پشاور زلمی نے سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

17 مارچ کو پی ایس ایل 5 کے پہلے سیمی فائنل میں ملتان سلطانزکامقابلہ پشاور زلمی سےہوگا جب کہ  دوسرے سیمی فائنل میں لاہورقلندرز اور کراچی کنگز17 مارچ کو ہی لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔

مزید خبریں :