کورونا سے سرگرمیاں ٹھپ، آن لائن گیمز صارفین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ

فوٹو: فائل

چین سے دنیا میں پھیلنے والے خطرناک کورونا وائرس نے جہاں تمام تر سرگرمیوں کو معطل کر کے رکھ دیا ہے وہیں کچھ سرگرمیوں میں اضافہ بھی ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے کے اختتام میں گیمنگ پلیٹ فارم پر دنیا بھر سے آن لائن ویڈیو گیمز کھیلنے والے صارفین کی تعداد میں ریکارڈ توڑ اضافہ دیکھا گیا ہے۔

تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ایک ہی وقت میں تقریباً 2 کروڑ سے زائد گیمرز ایک ساتھ فعال نظر آئے۔

فوٹو: بشکریہ گیجٹ 360

رپورٹس کے مطابق آن لائن گیمز کھیلنے والے صارفین کی گزشتہ اتوار سب سے زیادہ تعداد ریکارڈ کی گئی جو کہ 2 کروڑ 31 لاکھ سے زائد تھی اور یہ تمام ایک ہی وقت میں فعال نظر آئے، یہ تعداد 16 سال کی تاریخ میں سب سے زیادہ تعداد رہی ہے۔

کہا جارہا ہے کہ یہ ایک حیران کن تعداد ثابت ہوئی ہے جس کی وجہ متعدد ممالک میں کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن اور آئسولیشن میں رہنا ہے۔

دنیا بھر میں کورونا کی صورتحال 

خیال رہے کہ کورونا وائرس 162 ملکوں تک پھیل گیا ہے اور دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 94 ہزار 735 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے اب تک 7 ہزار 896 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اٹلی، اسپین، فرانس اور ملائیشیا میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے جب کہ برطانیہ میں بھی حکام اس حوالے سے غور کر رہے ہیں۔

سعودی عرب، ترکی اور متحدہ عرب امارات میں باجماعت نماز پر پابندی لگادی گئی ہے جب کہ ایران اور عراق میں نماز جمعہ کی ادائیگی بھی روک دی گئی ہے۔

 کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوئی ہیں جس کے باعث تیل کی قیمتیں گزشتہ چند برسوں کے دوران کم ترین سطح پر آگئی ہیں۔

مزید خبریں :