18 مارچ ، 2020
کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت ضلع مردان میں ہوئی جہاں 50 سالہ سعادت خان انتقال کرگیا۔
جاں بحق شہری مردان میڈیکل کمپلیکس میں زیرعلاج تھا اور چند روز قبل ہی عمرے کی ادائیگی کے بعد سعودی عرب سے پاکستان پہنچا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انتقال کرنے والے شخص کو بخار، کھانسی اور سانس لینے میں تکلیف ہوئی تھی اور کورونا وائرس کی بھی تصدیق ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ انتقال کرنے والے شہری سے رابطے میں رہنے والوں کی اسکریننگ جاری ہے اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔
صوبائی وزیرصحت تیمور جھگڑا کے مطابق جاں بحق مریض 8 مارچ کو سعودی عرب سے آیا تھا اور جس میں آج کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
کورونا وائرس کے باعث لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیرعلاج ہنگو کا 36 سالہ رہائشی جاں بحق ہوگیا۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق مریض عبد الفتح کو گزشتہ رات تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں مریض میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق شہری عبدالفتح چند روز قبل دبئی سے وطن واپس آیا تھا۔
خیال رہے کہ خیبرپختونخوا میں اب تک 19 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ ملک بھر میں مجموعی تعداد 304 ہوگئی ہے۔
سندھ سے 208، پنجاب سے 33، بلوچستان میں 23، خیبرپختونخوا میں 19، گلگت میں 13، اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔