Time 21 مارچ ، 2020
پاکستان

علی بابا کے بانی کا پاکستان سمیت دیگر ممالک کو 18 لاکھ ماسک دینے کا اعلان

فوری طور پر 18 لاکھ ماسک، 2 لاکھ 10 ہزار ٹیسٹ کٹس، 36 ہزار حفاظتی سوٹ کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹرز اور تھرما میٹرز فراہم کریں گے: جیک ما— فوٹو: فائل 

معروف آن لائن کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما نے پاکستان سمیت ایشیائی ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ماسک اور آلات فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

آن لائن کمپنی کے مالک و چینی بزنس مین جیک ما نے پڑوسی ممالک کو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے آلات فوری طور پر فراہم کرنے کا اعلان کیا۔

جیک ما کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ وہ فوری طور پر 18 لاکھ ماسک، 2 لاکھ 10 ہزار ٹیسٹ کٹس، 36 ہزار حفاظتی سوٹ کے ساتھ ساتھ وینٹی لیٹرز اور تھرما میٹرز فراہم کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہنگامی امداد پاکستان، افغانستان، بنگلادیش، کمبوڈیا، مالدیپ، منگولیا، نیپال سمیت دیگر ممالک کیلئے ہے۔

جیک ما کے مطابق یہ تمام سامان فوری پہنچانا ممکن نہیں لیکن وہ پھر بھی بروقت پہنچانے کی پوری کوشش کریں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل جیک ما فاؤنڈیشن امریکا کو بھی کورونا وائرس کی تشخیص کے لیے ایک لاکھ کٹس فراہم کرچکی ہے جبکہ اس کے علاوہ یورپی ممالک میں بھی کورونا وائرس سے نمٹنے کا سامان عطیہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ چین کورونا وائرس کے خلاف جنگ جیتنے کے قریب ہے اور کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے کمی آئی ہے جبکہ یورپ میں مہلک وائرس نے تباہی مچا دی ہے اور ہزاروں افراد لقمہ اجل ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں :