دنیا
Time 24 مارچ ، 2020

سعودی عرب میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت، متاثرہ افراد کی تعداد 700 سے تجاوز

مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار 51 سال کا افغان شہری انتقال کرگیا: سعودی وزارت صحت کی تصدیق— فوٹو:فائل 

سعودی عرب کے شہر مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کے باعث ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کے بعد یہ مملکت میں ہونے والی مہلک وائرس سے پہلی ہلاکت ہے۔

سعودی وزارت صحت نے ملک میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مدینہ منورہ میں کورونا وائرس کا شکار 51 سال کا افغان شہری انتقال کرگیا ہے۔

ترجمان وزارت صحت کے مطابق سعودی عرب میں مزید 205 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 767 ہوگئی ہے۔

سعودی عرب میں کرفیو کا نفاذ

دوسری جانب سعودی عرب میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ملک بھر میں 21 روز تک کرفیو نافذ کردیا ہے جس کے بعد سے تمام بڑے شہروں میں سناٹا چھا گیا ہے۔

سعودی وزرات داخلہ کے مطابق کرفیو کا دورانیہ شام 7 سے صبح 6 بجے تک ہوگا جس کی خلاف ورزی پر 10 ہزار ریال جرمانہ اور قید کی سزا بھی دی جائے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی حکومت نے  کورونا وائرس کے روک تھام کے لیے حرمین شریفین (مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ) کے علاوہ تمام مساجد میں جمعہ اور پنجگانہ نمازوں پر پابندی عائد کردی تھی۔

مزید خبریں :