ایل پی جی ٹینکر میں آتشزدگی سے ایک شخص جاں بحق، 100 سے زائد موٹر سائیکلیں تباہ

لاہور کے علاقے شاہدرہ میں  ایل پی جی ٹینکر میں آگ لگنے سے 8 افراد جھلس گئے جن میں سے ایک جاں بحق ہوگیا جب کہ پارکنگ میں کھڑی 100 سے زائد موٹر سائیکلیں اور متعدد رکشے تباہ ہوگئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ شاہدرہ میں پارکنگ اسٹینڈ کے قریب پیش آیا جہاں ایک ایل پی جی سے بھرے ٹینکر سے گیس لیک ہوئی اور پھر کسی کے سگریٹ سلگانے سے ٹینکر نے آگ پکڑ لی۔

آگ لگنے سے ٹینکر دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں قریب موجود پارکنگ میں کھڑی 100 سے زائد موٹر سائیکلیں اور متعدد رکشے جل کر تباہ ہوگئے۔

ریسکیو اہلکاروں کے مطابق  ایل پی جی ٹینکر میں آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک ٹریفک وارڈن سمیت 8 افراد زخمی بھی ہوئے  جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے  ایل پی جی ٹینکر میں آگ لگنے کے حادثے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

ترجمان اوگرا کا کہنا ہے کہ لاہور میں ایل پی جی ٹینکر میں آگ لگنے کے حادثے کی وجوہات جاننے  کے لیے   ماہرین کی ٹیم کام کررہی ہے۔

مزید خبریں :