26 مارچ ، 2020
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے یہ وقت ایک دوسرے سے گلے شکوے کرنے کا نہیں بلکہ کورونا سے مقابلے کا ہے۔
نجی ٹی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹیوں کو کورونا وائرس کے حوالے سے اپنے اقدامات سے آگاہ کرنا چاہتے تھے، سیاسی رہنما کورونا سے متعلق بات کو جاری رکھیں۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ یہ وقت یہ وقت گلے شکوے کا نہیں بلکہ کورونا وائرس کے خلاف مل کر لڑنے کا ہے، ہم سب کو مل کو اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہونے والی پارلیمانی رہنماؤں کی ویڈیو کانفرنس سے وزیراعظم عمران خان نے خطاب کیا تھا۔
وزیراعظم اپنے خطاب کے بعد کانفرنس سے اٹھ کر چلے گئے تھے جس پر قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی کانفرنس سے واک آؤٹ کر دیا تھا۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا تھا ہم سیاسی اختلافات کو بھلا کر کورونا کے حل کے لیے بلائے گئے اجلاس میں شریک ہوئے اور یہ ہے وزیراعظم کا سنجیدہ رویہ کہ وہ کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے۔