دنیا
Time 27 مارچ ، 2020

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن میں کورونا وائرس کی تصدیق

برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی وزیراعظم بورس جانسن میں کورونا وائرس کی علامات کے بعد چیف میڈیکل آفیسر پروفیسر کرس وائٹی نے ٹیسٹ کی تجویز دی جس کے بعد ان کا ٹیسٹ کیا گیا۔

برطانوی وزیراعظم کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہے جس کے بعد وہ ڈاؤننگ اسٹریٹ میں ہی آئسولیشن میں چلے گئے ہیں۔

اپنی ٹوئٹ میں برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی چند علامتیں جس میں بخاراور مسلسل کھانسی تھی جس پر چیف میڈیکل افسر کی ہدایت پر ٹیسٹ کرایا جو کہ مثبت آیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئسولیشن میں رہنے کے باوجود کورونا وائرس کے خلاف قومی جنگ کی قیادت کروں گا۔

بورس جانسن کا کہنا تھا کہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے حکومتی ذمہ داریاں ادا کرتا رہوں گا۔

برطانوی وزیرصحت میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص

برطانوی وزیرصحت میٹ ہینکاک — فوٹو: فائل 

برطانوی وزیرصحت میٹ ہینکاک میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی علامات محسوس ہو رہی تھیں لہٰذا  ٹیسٹ کرایا جو کہ پازیٹو آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ گھر بیٹھ کر ویڈیو لنک کے ذریعے ذمہ داریاں پوری کروں گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل برطانوی شاہی خاندان کے اہم فرد شہزادہ چارلس میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔ 

دوسری جانب برطانیہ میں کورونا وائرس سے اب تک 578 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 11 ہزار سے زائد افراد متاثر ہیں۔

مزید خبریں :