Time 28 مارچ ، 2020
پاکستان

پاک فوج نے کورونا سے نمٹنے میں سول انتظامیہ کی مدد کیلئے ذمہ دایاں سنبھال لیں

کورونا وائرس سے نمٹنے میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کے دستوں نے ملک بھر میں ذمے داریاں سنبھال لیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دستے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت سول انتظامیہ کی معاونت کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں فوجی دستے قرنطینہ سہولیات کے قیام میں بھی مدد دے رہے ہیں جبکہ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر پاک فوج کے دستے سیکورٹی اہلکاروں کے ہمراہ تعینات ہیں۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پنجاب کے 34، سندھ کے 29، خیبر پختونخوا کے 26، بلوچستان کے 9 اضلاع جبکہ  پورے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں پاک فوج کے دستے تعینات ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تفتان میں مزید 600 افراد کےلیے قرنطینہ سہولت قائم کی جا رہی ہے جبکہ تفتان قرنطینہ سہولت میں فوجی جوان، ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس سول انتظامیہ کی مدد کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چمن میں 805 کیمپوں پر مشتمل قرنطینہ سہولت قائم کی جا رہی ہے جس میں آرمی فیلڈ میڈیکل بٹالین کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ تعینات ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے 10 اضلاع اور دور دراز کے علاقوں میں فوجی جوان تعینات ہیں جو  اسکریننگ، ٹیسٹ اور دیگر اقدامات کےلیے سول انتظامیہ کی معاونت کر رہے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے چین سے آنے والے امدادی سامان کی خنجراب سے ترسیل کی جس میں چین سے موصول امدادی سامان میں 5 وینٹی لیٹر، 2000 کٹس، 200 میڈیکل سوٹس و دیگر طبی آلات شامل ہیں۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کے ساتھ مشترکہ چیک پوسٹس قائم ہیں۔ 

خیال رہے کہ تمام صوبائی حکومتوں نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں مدد  کے لیے پاک فوج کو  طلب کیا تھا جس کے بعد وفاقی وزارت داخلہ نے 23 مارچ کو فوج طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

مزید خبریں :