Time 29 مارچ ، 2020
پاکستان

رحیم یار خان میں خاتون کورونا سے جاں بحق، پنجاب میں ہلاکتیں 6 ہوگئیں

سعودی عرب سے آنے والی ایک 68سالہ خاتون رحیم یارخان میں زیر علاج تھیں تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں،وزیراعلیٰ پنجاب،فوٹو: فائل

پنجاب میں کورونا وائرس کے باعث ایک خاتون انتقال کرگئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے ، یہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مہلک وائرس سے پانچویں ہلاکت ہے۔

 وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے صوبے میں ایک اورجان لے لی ہے۔

عثمان بزدار کے مطابق سعودی عرب سے آنے والی ایک  68 سالہ خاتون رحیم یارخان میں زیر علاج تھیں تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس  سے جاں بحق ہونے والے مریضوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے ۔

پنجاب میں آج 36 نئے کیسز آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں  تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 593  ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ان میں سے 318 مریض صوبے کے مختلف قرنطینہ مراکز میں موجود ہیں جب کہ لاہور میں 116، گجرات 55، راولپنڈی 30، جہلم 28، گوجرانوالہ 11،  فیصل آباد 9،ڈی جی خان 5،منڈی بہاؤالدین 4 جب کہ ملتان ، رحیم یارخان،وہاڑی، سرگودھا،میانوالی اور ننکانہ صاحب میں دو دو اور نارووال، اٹک، بہاولپور اور خوشاب میں ایک ایک مریض میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ پنجاب میں کورونا وائرس سے 5 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

پنجاب میں ایک اور ہلاکت کے بعد ملک بھر میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 17 ہوگئی ہے جب کہ متاثرہ مریضوں کی تعداد 1600 ہوچکی ہے۔

مزید خبریں :