سندھ حکومت کو 5 ہزار کورونا کٹس فراہم کردیں: چیئرمین این ڈی ایم اے

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل افضل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اولین ترجیح میڈیکل ٹیموں کے لیے سامان کی فراہمی ہے جبکہ سندھ حکومت کو 5 ہزار کِٹس فراہم کردی ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف اور نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل افضل نے پریس کانفرنس کی۔

اس حوالے سے چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ اولین ترجیح میڈیکل ٹیموں کے لیے سامان کی فراہمی ہے، گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کو 5 ہفتوں کے لیے سامان دے دیا گیاہے جبکہ سرگودھاکی لیبارٹریز کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے، وہاں بھی ٹیسٹنگ شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت اور پنجاب کو 5، 5 ہزار ٹیسٹنگ کٹس دی گئیں ہیں۔

ان کاکہنا ہے کہ اگلے تین دن میں 4 سے 5 فلائٹس چین جائیں گی، پاکستان میں کوروناٹیسٹنگ کی استعدادبڑھا رہےہیں جبکہ بیجنگ سے آنے والے سامان میں 100 واک تھروتھرمل اسکینرز شامل  ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق 6 اپریل سے پہلے پہلے ایک لاکھ تک حفاظتی کٹس پہنچ جائیں گی اور 1200 سے 1500 کے درمیان وینٹی لیٹرز ہمارے پاس موجود ہوں گے۔

 فضائی آپریشن 5 اپریل کے بعد بتدریج کھولیں گے: معید یوسف

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی ڈویژن معید یوسف کا کہنا تھا کہ پروازوں کی بحالی سے متعلق غور ہورہا ہے لیکن ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا، یہ بات درست نہیں کہ 4 اپریل کے بعد تمام ائیرپورٹس پر پروازیں بحال ہوجائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کے کسی ائیرپورٹ پر پاکستانی مسافر پھنسے ہوئے نہیں ہیں، تھائی لینڈ سے تمام مسافر واپس آچکے ہیں اور یہ تمام کلیئر ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اندرون ملک بھی پروازیں بند ہیں اور بند رہیں گی، جب بھی فیصلہ ہوا تو ایک ساتھ تمام ائیرپورٹس نہیں کھولے جائیں گے بلکہ آپریشن آہستہ آہستہ بحال کیا جائے گا۔

مزید خبریں :