01 اپریل ، 2020
کورونا وائرس نے جہاں دنیا کے جدید ترین ممالک کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا ہے وہیں سپرپاور امریکا کی فوج بھی اس وائرس کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث اب تک دنیا میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 86 ہزار سے زائد کیسز امریکا سے سامنے آ چکے ہیں جب کہ امریکا میں اموات بھی چین اور اسپین سے زیادہ ہو گئی ہیں جہاں اب تک 4 ہزار سے زائد لوگ زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں وبا سے دو لاکھ سے بھی زائد افراد کے مرنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دو ہفتے شہریوں کے لیے بہت زیادہ درد ناک ہوں گے۔
کورونا وائرس سے جہاں عام امریکی شہری متاثر ہو رہے ہیں وہیں وبا نے امریکی فوجیوں پر بھی حملہ کردیا ہے اور ایک فوجی جان کی بازی ہار گیا ہے جب کہ 700 سے زائد فوجی متاثر ہو چکے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق طیارہ بردار امریکی بحری بیڑے پر کورونا کی وبا تیزی سے پھیلنے لگی ہے اور یو ایس ایس روز ویلٹ پر 70 سے زائد نیوی سیلرز کورونا میں مبتلا ہو چکے ہیں۔
بیڑے کے کمانڈر نے اعلیٰ قیادت سے 4 ہزار اہلکاروں کو فوری جہاز سے اتارنے اور دو ہفتوں کے لیے آئسولیٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
دوسرے امریکی بحری بیڑے رونالڈ ریگن پر بھی کئی اہلکاروں میں کورونا وائرس پایا گیا ہے ۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں ا ب تک 42 ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک اور ساڑھے 8 لاکھ سے زائد متاثرہ ہو چکے ہیں۔