Time 01 اپریل ، 2020
کھیل

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی حمایت کیوں کی؟ بھارتیوں کی یووراج اور ہربھجن سنگھ پر تنقید

فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹر یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کو قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی کے فاؤنڈیشن کی حمایت کرنے پر بھارتی عوام کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ اور یووراج سنگھ دونوں کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا گیا جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑنے میں پیش پیش شاہد آفریدی کے فاؤنڈیشن کے اقدامات کو خوب سراہا۔

بھارتی کھلاڑیوں نے اپنے اپنے ویڈیو پیغام میں نا صرف شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی تعریف کی بلکہ انہوں نے عوام سے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن میں عطیات دینے کی اپیل بھی کی۔

بعد ازاں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی نے یووراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ کی حمایت اور انسانیت کے لیے محبت کے اس جذبےکا بھی شکریہ ادا کیا۔

لیکن بھارتی عوام کی جانب سے کھلاڑیوں کے انسانیت کے لیے اس جذبےکو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

بھارتی عوام کی جانب سے کی جانے والی شدید تنقید کے بعد یووراج سنگھ نے اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر ایک پیغام بھی شیئر کیا۔

یووراج سنگھ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ میرا مقصد صرف اور صرف لوگوں کی مدد کرنا ہے، میں اپنے پیغام سے کسی کے بھی جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچانا چاہتا تھا، میں ایک بھارتی ہوں اور انسانیت کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہوں گا۔

خیال رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی اپنے فاؤنڈیشن کے ذریعے کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی مدد کر رہے ہیں۔

واضح رہے بھارتی حکومت نے آئین میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے وہاں سے آرٹیکل 370 اور 35 اے منسوخ کرکے ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔

اس تمام صورتحال کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی جب کہ دونوں ممالک کے فن کاروں کو ممالک میں کام کرنے پر بھی پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

مزید خبریں :