کھیل
Time 01 اپریل ، 2020

کورونا فنڈ: جوز بٹلر کا ورلڈکپ 2019 کے فائنل کی شرٹ نیلام کرنے کا اعلان

فائل فوٹو: جوز بٹلر

کورونا کے خلاف جنگ میں فنڈ جمع کرنے کے لیے انگلینڈ کے وکٹ کیپر بیٹسمین جوز بٹلر نے ورلڈکپ 2019 کے فائنل میں پہننے والی شرٹ کو نیلام کرنے کا اعلان کردیا۔

انگلش کرکٹر  جوز بٹلر نے ٹوئٹر  پر جاری ویڈیو پیغام میں کہا جیسا کہ سب کو معلوم ہے کہ اسپتال، ڈاکٹرز، طبی عملہ اور نیشنل ہیلتھے سروس اسٹاف کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے لیے ناقابل یقین خدمات انجام دے رہے ہیں، ایسے میں انہیں بھی آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں ہماری ضرورت ہوگی۔

انگلش کھلاڑی نے کہا کہ گزشتہ ہفتے رائل برومپٹن اور ہیئرفیلڈ اسپتال کی جانب سے  کووڈ-19 کے مریضوں کی زندگی بچانے کے لیے طبی آلات کے لیے  ایمرجنسی اپیل کی تھی ،ایسے میں ان کی مدد کے لیے میں فنڈ جمع کرنے  میں اپنا حصہ ڈالتے ہوئے  ورلڈکپ فائنل کی شرٹ عطیہ کرنے جارہا ہوں جس پر ورلڈکپ اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کے دستخط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ شرٹ نیلام ہونے کے بعد اس کی جو بھی رقم ہوگی وہ مذکورہ اسپتالوں کو عطیہ کی جائے گی تاہم  معلومات حاصل کرنے کے لیے بائیو میں دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

بعدازاں انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اس حوالے سے کرکٹر کی ٹوئٹ شیئر کی۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس سے اب تک 25 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 1700 سے زائد ہلاکتیں ہیں۔

مزید خبریں :