Time 03 اپریل ، 2020
پاکستان

’یو این سیکریٹری جنرل نے کشمیر میں نئے بھارتی قواعد کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے‘

فائل فوٹو: شاہ محمود قریشی

ملتان: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر میں نافذ بھارت کے نئے قواعد کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدام سےمتعلق ویڈیو بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری دنیا کورونا کے عالمی وبائی چیلنج سےنبردآزما ہے اور بھارت اس وقت وہ اقدامات اٹھارہا ہے جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قیادت اور ہزاروں کشمیری نوجوان بھارتی جیلوں میں بند ہیں، بھارت کشمیریوں کوخوراک اور ادویات فراہمی کی بجائے وہاں ڈومیسائل قوانین میں تبدیلیاں کررہا ہے، بھارت کاڈومیسائل حصول کے قواعد میں تبدیلی کشمریوں کا آبادیاتی تناسب تبدیل کرنےکا ایجنڈا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تمام کشمیری قیادت بشمول پاکستان نے بھارت کا یہ اقدام یکسر مستردکردیا ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کو بھارت کے غیر قانونی، غیر آئینی اقدام سے مطلع کر دیا، ان سے بھارتی اقدام کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے، سیکریٹری جنرل نے یقین دلایا کہ وہ نئے قواعد کا مسودہ منگوا کر جائزہ لیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت کا یہ اقدام، سیٹیزن ترمیمی ایکٹ کی طرح انتہائی متنازع اقدام ہے، بھارتی اقدام نہ روکا تو مقبوضہ کشمیر میں حالات مزید خراب ہونےکا قوی امکان ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے یکم اپریل کو ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق اب مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل (شہریت) کا نیا قانون نافذ ہوگا اور اُس کی رو سے سرکاری محکموں میں چپڑاسی، خاکروب، نچلی سطح کے کلرک، پولیس کانسٹیبل وغیرہ کے چوتھے درجے کے عہدوں کو کشمیریوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جب کہ گیزیٹِڈ عہدوں کے لیے پورے بھارت سے امیدوار نوکریوں کے اہل ہوں گے۔ 

مزید خبریں :