Time 04 اپریل ، 2020
کھیل

پی سی بی کا رمضان کرکٹ ٹورنامنٹس کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ

تمام تر سرگرمیوں کو پہلے ہی معطل کررکھا ہے، منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست ہے کہ احتیاطی تدابیر پرعمل کریں، پی سی بی— فوٹو: فائل

‏ لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے رمضان کرکٹ ٹورنامنٹس کیلئے این او سی جاری نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر رمضان میں کسی کرکٹ سرگرمی کیلئے این او سی نہیں دیا جائے گا۔

‏ بورڈ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام تر سرگرمیوں کو پہلے ہی معطل کررکھا ہے، منتظمین اور کرکٹرز سے درخواست ہے کہ احتیاطی تدابیر پرعمل کریں۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ چند منتظمین نے ہم سے رمضان کرکٹ کے لیے این او سی کے حصول کی غرض سے وضاحت طلب کرنے کے لیے رابطہ کیا لیکن اس وقت مناسب یہی ہے کہ ہم اس سلسلے میں اپنی واضح اور جامع پالیسی پر عمل کریں، جس کے مطابق پی سی بی نےفی الوقت تمام تر کرکٹ سرگرمیوں کو معطل کر رکھا ہے لہٰذا جب تک حالات معمول پر نہیں آتے پی سی بی رمضان کرکٹ کے لیے کوئی این او سی جاری نہیں کرے گا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ملازمین اور کھلاڑیوں کی حفاظت اور فلاح و بہبود کے حوالے سے بہت سنجیدہ ہے، ملازمین کے علاوہ تقریباً 220پیشہ ور کرکٹرز پی سی بی کے پے رول پر ہیں، پی سی بی اس عمل کو یقینی بنائے گا کہ تمام کھلاڑیوں کو کم از کم مالی سال برائے 2019-20 کے اختتام تک ان کی تنخواہیں ادا کی جائیں۔

مزید خبریں :