عاطف اسلم کی سحر انگیز آواز میں اذان نے سوشل میڈیا صارفین کو آبدیدہ کر دیا

فوٹو: فائل

مقبول گلوکار عاطف اسلم نے اپنی خوبصورت آواز میں اذان دی جسے سن کر ہر مسلمان پر رقت طاری ہو گئی اور ہر فرد سبحان اللہ کہے بغیر رک نہ سکا۔

موجودہ صورتحال جہاں خطرناک عالمی وبا سے ہر کوئی پریشانی میں مبتلا ہے جب کہ ہر مسلمان کی زبان پر  بھی بس ایک ہی دعا ہے اللہ جلد از جلد سب پہلے کی طرح کر دے۔

کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان بھر میں اذان استغاثہ دی جا رہی ہیں تاکہ اذان کی برکتوں سے اللہ ہمیں جلد اس پریشانی سے نکال دے۔

اسی ضمن میں گزشتہ روز عاطف اسلم کی جانب سے بھی اپنے یوٹیوب چینل پر خوبصورت آواز میں اذان شیئر کی گئی جس کی ویڈیو میں عاطف اسلم کی آواز میں اذان کے پیچھے قدرتی مناظر دکھائے جا رہے تھے۔

عاطف اسلم کی آواز میں خوبصورت اذان نے ہر ایک مسلمان کو انہیں داد دینے پر مجبور کیا اور سوشل میڈیا پر عاطف اسلم ٹرینڈ کرنے لگا۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے عاطف اسلم کی اس خوبصورت اذان کو شیئر کرنے کا بھی تانتا بندھ گیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ عاطف اسلم کی اذان سماعت کے لیے سب سے خوبصورت چیز ہے۔ 

بزغا نعیم کہتی ہے کہ عاطف اسلم اپنے مداحوں کو کبھی بھی مایوس نہیں کرتے، ان کی روحانی آواز میں خوبصورت اذان رونگٹے کھڑے کر دینے والی ہے، اللہ ہم سب کو محفوظ رکھے آمین۔

ایک اور صارف نے کہاکہ اگر آپ انٹرنیٹ پر کچھ پُرسکون سننا چاہتے ہیں تو  عاطف اسلم کی اذان سنیے۔

اِفرا گجر کہتی ہیں کہ عاطف اسلم کی آواز میں اذان نے مجھے آبدیدہ کر دیا ہے، یہ بے حد خوبصورت ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل عاطف اسلم کی آواز میں حمد"وہی خدا ہے" اور سلام "تاجدارِ حرم" بھی مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :