Time 06 اپریل ، 2020
پاکستان

کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت

فائل فوٹو: 

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے 6 اسپتالوں میں 104 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صحت سے متعلق اجلاس ہوا جس میں مراد علی شاہ نے سول اسپتال میں 12 اور  جناح اسپتال میں 15 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی جب کہ لیاری جنرل اسپتال میں 18، ٹراما سینٹر میں 26، ڈاؤ اوجھا میں 8 اور سروسز اسپتال میں 25 بستروں پر مشتمل آئی سی یو قائم کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے 1200 بستروں پر مشتمل ایکسپو سینٹر میں بھی مریضوں کو منتقل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر 193 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ 3 اسپتالوں میں قائم کرلیا گیا اور 59 بستروں کا آئیسولیشن وارڈ سول اسپتال میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کےمطابق  65 بستروں کا جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال میں 69 بستروں پر مشتمل آئیسولیشن وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے آئی سی یو وارڈز کی تیاری کی ہے تاکہ بروقت ضرورت کوئی پریشانی نہ ہو، اللہ پاک کا کرم ہے کہ ہم تیاری کے حساب سے بہتر جارہے ہیں۔

مزید خبریں :