09 اپریل ، 2020
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو فوری آپریشنل کرنے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وزیراعظم کے معاونین خصوصی ثانیہ نشتر اور عثمان ڈار نے کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس کو فوری فعال کرنے کے اقدامات بھی شروع کر دیئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے یوتھ افیئرز عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں ضلعی انتظامیہ سے مل کر کورونا ٹائیگرز فورس کو متحرک کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق عثمان ڈار کا یہ بھی کہنا ہے کہ ٹائیگرز فورس میں 8 لاکھ خواتین اور مرد شامل ہو چکے ہیں، فورس احساس پروگرام کے اسکور کارڈ پر پورا اترنے والے مستحق افراد کی نشاندہی کرے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے چند روز قبل کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں لاک ڈاؤن سے متاثرہ افراد کی دیکھ بھال اور انھیں راشن تقسیم کرنے کے لیے کورونا ریلیف ٹائیگرز فورس بنانے کا اعلان کیا تھا جس پر اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔