Time 09 اپریل ، 2020
دنیا

لاشوں کیلیے بیگ ہیں تو کورونا پر سیاست کریں، ڈبلیو ایچ او چیف کا ٹرمپ کو جواب

فائل فوٹو: ڈاکٹر ٹیڈروس، ٹرمپ

کورونا وائرس کے معاملے پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ اور امریکی صدر آمنے سامنے آگئے جس پر ڈاکٹر ٹیڈروس نے ٹرمپ کو کرارا جواب دیا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز کورونا وائرس سے پیدا صورتحال پر عالمی ادارہ صحت پر شدید تنقید کی تھی اور ادارے کے فنڈز میں کٹوتی کا عندیہ دیا تھا۔

امریکی صدر کی تنقید پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ایڈھانم گیبریوس نے اپنے رد عمل میں ادارے کے مؤقف کا دفاع کیا۔

جنیوا میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر ٹیڈروس کا کہنا تھا وائرس کو سیاست زدہ نہ کریں، یہ آپ کے قومی سطح کے اختلافات سے استفادہ کرتا ہے، اگر آپ استفادہ چاہتے ہیں اور اگر آپ کے پاس مزید لاشیں رکھنے کے لیے بیگ ہیں تو سیاست کریں۔

انہوں نےکہا کہ اگر آپ مزید لاشیں نہیں دیکھنا چاہتے تو وائرس کو سیاست زدہ کرنے سے باز رہیں، میرا ایک مختصر پیغام ہےکہ برائے کرم کووڈ سیاست کو قرنطینہ کردیں، آپ کا قومی اتحاد اس خطرناک وائرس کو شکست دینے کے لیے بہت اہم ہوگا۔

اس موقع پر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ نے وائرس کے نتیجے میں اپنے ادارے کے فوری رد عمل کا بھی تذکرہ کیا۔

ڈاکٹر ٹیڈورس کا کہنا تھا کہ ہم نے کہا کہ ہم جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں اور ہم سب کچھ دن رات جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم جانیں بچانے کے لیے کوششیں کررہے ہی اور وقت برباد نہیں کرنا چاہتے، ڈبلیو ایچ او کسی بھی ایکشن کی تشخیص بعد کام کرتی ہے، ہم اپنی قوت اور کمزوریوں سے تشخیصی شناخت کریں گے۔

عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کا کہنا تھا ادارہ اس عالمی وبا سے سبق سیکھنا چاہتا ہے۔

واضح رہےکہ دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی تعداد 15 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے اور  88 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :