10 اپریل ، 2020
اچھے بالوں اور ان کی بہترین نشونما کے لیے بالوں کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے اور بالوں کا خیال رکھنے کا سب سے عام طریقہ سر میں تیل لگانا ہوتا ہے۔
ہم بچپن سے ہی اپنے بالوں میں تیل لگاتے آ رہے ہیں کیونکہ اس سے بال مضبوط، گھنے اور چمکدار ہو جاتے ہیں اور بالوں کی نشونما بھی اچھی ہو جاتی ہے۔
آج ہم آپ کو تیل لگانے کے درست طریقہ کار کے حوالے سے بتائیں گے اور ساتھ ہی یہ بھی بتائیں گے کہ ہم تیل لگاتے ہوئے ایسی کون کون سے غلطیاں کر جاتے ہیں جو کہ بالوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔
بالوں میں تیل لگانے کا درست طریقہ
اکثر ہم تیل لگاتے وقت سب سے زیادہ سر کی جلد پر ہی توجہ دیتے ہیں اور تیل کا مساج صرف اور صرف سر کی جلد کا ہی مساج کرتے ہیں لیکن ہمارے بالوں کو سر کی جلد سے لے کر بالوں کے آخر تک تیل کی ضرورت ہوتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ تیل لگاتے وقت بالوں کی جلد اور ان کے سِروں تک اچھی طرح تیل لگائیں۔
ہفتے میں صرف ایک بار تیل لگانا بالوں کے لیے کافی نہیں ہوتا بلکہ بالوں کی اچھی نشونما کے لیے ہفتے میں 2 سے 3 بار اچھی طرح تیل لگائیں۔
بالوں میں تیل لگاتے وقت ہم کیا غلطیاں کرتے ہیں؟
اکثر ہم سمجھتے ہیں کہ زیادہ دیر تیل لگانے سے بال اور زیادہ اچھے ہو جائیں گے حالانکہ ایسا نہیں ہوتا، آپ بالوں میں تیل لگانے کے 3 سے 4 گھنٹے بعد بال دھو سکتے ہیں۔
تیل لگانےکے فوراً بعد بالوں میں کسی بھی قسم کا ماسک یا کوئی اور چیز نہ لگائیں کیونکہ اس طرح کرنے سے بالوں میں تیل ٹھیک سے جذب نہیں ہو پاتا۔
ہم اکثر اپنے بالوں میں ضرورت سے زیادہ تیل لگا لیتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اس سے ہمارے بال زیادہ اچھے ہو جائیں گے تو ایسا ہرگز نہیں ہے، بالوں کو جتنی ضرورت ہے اتنا ہی تیل لگانا چاہیے، زیادہ تیل لگانا بالوں کے لیے مفید نہیں ہوتا۔