Time 10 اپریل ، 2020
پاکستان

'ذہن میں صرف یہ تھا کہ کورونا سے نجات پانی ہے': صحتیاب نوجوان کی گفتگو

جنید کی جیو نیوز سے گفتگو

کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے سوات کے 30 سالہ جنید خان نے کہا ہے کہ مہلک مرض سے ڈرنے کے بجائے اس سے لڑکر ہی مقابلہ کرنا چاہیے۔

پاکستان میں اب تک 47 سو افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 700سے زائد صحتیاب بھی ہو چکے ہیں۔ 

جیو نیوز سے گفتگو میں جنید خان نے کہا کہ وہ جب کراچی سے سوات آئے تو 2 دن طبیعت ٹھیک رہی لیکن اس کے بعد طبیعت خراب ہونا شروع ہو گئی۔

جنید کے مطابق انہوں نے گولیاں لیں تو بیماری کی علامات بڑھ گئیں۔

جنید خان کا کہنا تھا کہ مجھے پتا تھا میں نے سفر کیا ہے اور ساتھ ہی جسم میں تبدیلیاں بھی ہورہی ہیں تو میں نے ٹیسٹ کروالیا، جو مثبت آیا اور میں اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں منتقل ہوگیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹروں کی ہدایات کے مطابق ادویات لیں، ڈاکٹر نے کھانے میں پرہیز کا نہیں کہا بلکہ یہ ہدایت دی کہ جتنا کھانا ممکن ہو کھائیں۔

کورونا وائرس کو شکست دینے والے جنید نے کہا کہ جسے معلوم ہو اسے کورونا ہے، وہ دماغی طور پر بہت ڈسٹرب ہوجاتا ہے، میرے ذہن میں صرف یہ تھا کہ اس بیماری سے نجات پانی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے اس دوران اللّٰہ تعالیٰ سے دعائیں مانگیں اور کورونا وائرس سے ڈرنے کے بجائے لڑنے کی کوشش جاری رکھی۔

مزید خبریں :