Time 13 اپریل ، 2020
پاکستان

ملتان میں مزید 2 ڈاکٹرز اور طبی عملے کے 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق

ملتان: نشتر اسپتال کے مزید 2 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

 صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن (پی ایم اے) ڈاکٹر مسعود ہراج کا کہنا ہے کہ مزید 96 ڈاکٹرز اور پیرا میڈکس کی رپورٹس موصول ہوئی ہیں جس میں دو ڈاکٹر اور 4 پیرا میڈکس میں کورونا کی تصدیق کی گئی ہے۔ 

ڈاکٹر مسعود ہراج  نے بتایا کہ اب تک 15 ڈاکٹرز اور 10 پیرا میڈکس میں کورونا کی تصدیق ہو چکی ہے، مزید 100 سے زائد ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کی رپورٹس کا انتظار ہے، مثبت رپورٹس آنے والے عملے کو طیب اردوان اسپتال منتقل کیا جائے گا۔

گزشتہ روز بھی نشتر میڈیکل ملتان یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا نے طبی عملے میں کورونا وائرس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ 12 ڈاکٹرز اور 6 پیرا میڈکس میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

محکمہ صحت پنجاب نے اس حوالے سے تسلیم کیا ہے کہ طبی عملے کے پاس ناکافی حفاظتی کٹس تھیں جس کے باعث یہ لوگ کورونا کا شکار ہوئے۔

واضح رہے کہ اب تک ملک میں کئی ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ گلگت بلتستان اور کراچی میں ڈاکٹر کورونا سے شہید بھی ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر اور طبی عملہ اس وقت کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں جو مشکل حالات کے باوجود جواں مردی سے وائرس کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہیں۔

مزید خبریں :