پاکستان
Time 13 اپریل ، 2020

کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی دو یوسیز ریڈ زون قرار

کراچی کے علاقے گلشن اقبال کی یونین کونسل نمبر 8 اور 9 کو ریڈ زون قرار دے دیا گیا۔

گلشن اقبال یوسی 8 جمالی کالونی میں رابی اپارٹمنٹ، گلشن اقبال 13 ڈی ون اور 13 ڈی تھری شامل ہیں جب کہ یونین کونسل 9 میں حامد اسکوائر گلشن اقبال بلاک 3، بلاک 4، بلاک 6 اور بلاک 7 شامل ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے ڈپٹی کمشنر ایسٹ کی ہدایت پر ان علاقوں میں کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، گھر کا صرف ایک فرد شناختی کارڈ کے ساتھ خریداری کے لیے نکل سکے گا، حالات قابو میں آگئے تو ایک ہفتے بعد علاقے کو کھول دیا جائے گا ۔

پولیس کا کہنا ہے ان علاقوں میں ضروریات زندگی کی دکانیں معمول کے مطابق کھلی ہوں گی لیکن اس کا دورانیہ صبح 8 سے سہ پہر 3 بجے تک ہوگا، علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل ہوں گے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ڈپٹی کمشنر شرقی نے کراچی کی 11 یوسیز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے تھے، تاہم بعد ازاں حکومت سندھ کی جانب سے اس نوٹیفکیشن کو معطل کر دیا گیا تھا۔

صوبائی وزیر اطلاعات ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ پوری یوسیز کو سیل کرنے سے بڑی تعداد میں عوام مشکلات کا شکار ہو جائے گی، صرف ان گلیوں کو سیل کیا جائے گا جہاں کورونا کے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔  

مزید خبریں :