13 اپریل ، 2020
لاہور: پنجاب کے محکمہ داخلہ نے صوبے میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے مزید اقدامات کیے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ایک سے دوسرے ضلع جانے کے لیےکورونا مریضوں کا ٹیسٹ منفی ہونا ضروری ہو گا جب کہ صوبے میں دوسرے اضلاع میں جانے کے لیے باقی افراد دفعہ 144 کے نفاذ پر عملدرآمد کریں۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہےکہ فارم اے اور فارم بی صرف قرنطینہ مکمل کرنے اور صحت یاب ہوئے مریضوں کے لیے ہے ، صرف قرنطینہ میں 14 دن مکمل کرنے والوں کے لیے پرفارمہ جاری کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ کے مطابق قرنطینہ میں 14 دن رہنے اور ٹیسٹ منفی آنے پر ہی مریض اپنے صوبے میں آسکیں گے۔
واضح رہے کہ پنجاب میں کورونا کے کیسز کی تعداد ڈھائی ہزار سے زائد ہے جب کہ 21 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔