Time 14 اپریل ، 2020
پاکستان

کورونا سے متعلق سندھ حکومت کی کارکردگی افسوسناک ہے، سپریم کورٹ

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کورونا سے متعلق حکومتی اقدامات پر از خود نوٹس کی گزشتہ روز کی سماعت کے تحریری حکم نامے میں سندھ حکومت کی کارکردگی کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جس میں حکومت سے اعلیٰ سطح اجلاس کے فیصلوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہےکہ کراچی میں 11 یونین کونسلز سیل کرنے کی ٹھوس وجہ نہیں بتائی گئی، سندھ حکومت کو سیل شدہ یونین کونسلز میں متاثرہ افراد کی تعداد کا بھی علم نہیں جب کہ سیل ہونے والی یونین کونسلز میں کھانا اور طبی امداد فراہم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ سندھ حکومت کی کارکردگی افسوسناک ہے، حکومت 8 ارب کا راشن تقسیم کرنے کے شواہد بھی نا پیش کرسکی، صوبے بھر سے کھانا نا ملنے کی شکایت پہنچ رہی ہیں۔

عدالت نے سندھ حکومت سے راشن  کی فراہمی کی تفصیلات طلب کی ہیں اور کہا ہے کہ بتایا جائے راشن کہاں سے اور کتنے میں خریدا گیا۔

اس کے علاوہ سپریم کورٹ نے تحریری حکم میں کہا ہےکہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ڈاکٹرز کی ضروریات پوری کریں۔

عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ اورپنجاب حکومت سے بھی کورونا سے نمٹنے اور امدادی کام کی تفصیلات طلب کرلیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کورونا سے متعلق حکومتی اقدامات پر ازخود نوٹس کیس میں وفاق اور صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر عدم اطمینان کرتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا تھا کہ عدالت معاون خصوصی ظفر مرزا کی کارکردگی سے بھی مطمئن نہیں ہے۔

مزید خبریں :