15 اپریل ، 2020
دنیا کے 210 ممالک میں پھیلی عالمگیر وبا کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 20 لاکھ اور ہلاک افراد کی تعداد ایک لاکھ 26 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں امریکا میں ہو چکی ہیں جہاں اب تک کورونا وائرس کے باعث 28 ہزار 200 سے زائد افراد موت کا شکار ہو چکے ہیں جب کہ 6 لاکھ 14 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
اٹلی میں بھی ہلاکتیں 21 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہیں جب کہ اسپین میں اموات کی مجموعی تعداد 18 ہزار 255 اور فرانس میں 15 ہزار 729 ہو چکی ہے۔
سنگاپور کی حکومت نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے ہر فرد کو ماسک پہن کر گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت کرتے کہا کہ جو بھی بغیر ماسک پہنے باہر آئے گا اس پر 300 سنگاپورین ڈالر (212 امریکی ڈالر) جرمانہ عائد ہو گا۔
حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دو سال سے کم عمر بچوں اور جنہیں خصوصی طور پر اجازت ہو وہ افراد اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے کورونا وائرس کے پیش نظر 6 ماہ تک حکومتی وزراء اور پبلک سروس اداروں کے چیف ایگزیکٹو کی تنخواہوں میں 20 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس سے اب تک ایک لاکھ 26 ہزار 758 اموات ہو چکی ہیں جب کہ متاثرہ 4 لاکھ 84 ہزار 729 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔